قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کی سیکیورٹی سخت کردی گئی، جبکہ رئیلٹی شو میں لائیو آڈینس پر پابندی لگادی گئی۔
بھارتی رئیلٹی شو بگ باس 19 کے پروڈیوسر رشی نیگی نے انکشاف کیا ہے کہ میزبان سلمان خان کو بار بار ملنے والی جان سے مارنے کی دھمکیوں کے بعد شو کے سیٹ پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں رشی نیگی نے بتایا کہ گزشتہ ڈھائی سال سے سلمان خان کو ملنے والی دھمکیوں کے باعث ہم نے سیکیورٹی بڑھا دی ہے، اب جب سلمان خان موجود ہوتے ہیں تو شو میں لائیو آڈینس کو داخلے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
رشی نیگیکا کہنا تھا کہ پروڈکشن ٹیم نے حفاظتی اقدامات کے ساتھ ساتھ لاجسٹک آپریشنز کو بھی وسعت دی ہے، ہمارے پاس تقریباً 600 افراد کا عملہ ہے جو تین شفٹوں میں 24 گھنٹے کام کرتا ہے، خواتین کی بھی نمائندگی نمایاں ہے، کانٹینٹ سیکیورٹی اور گراؤنڈ لاجسٹکس پر ہم بالکل سمجھوتہ نہیں کرتے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شو تک رسائی پہلے سے زیادہ سخت کر دی گئی ہے، شو میں آنے والے ہر فرد، چاہے مستقل بنیادوں پر ہوں، عارضی ہوں یا وینڈر، سب کا بیک گراؤنڈ چیک کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ سلمان خان اس وقت بگ باس 19 کی میزبانی کر رہے ہیں، جو چند ہفتے قبل شروع ہوا ہے، وہ اس فرنچائز کے سب سے مضبوط میزبان سمجھے جاتے ہیں۔