فیروز خان نے اپنا ایوارڈ مداحوں کے نام کردیا

November 25, 2022

فیروز خان، فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکارفیروز خان نے ڈرامہ سیریل’خدا اور محبت‘میں بہترین اداکاری کے لیے ملنے والا لکس اسٹائل ایوارڈ مداحوں کے نام کردیا۔

فیروز خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر لکس اسٹائل ایوارڈز 2022ء میں بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتنے کے بعد اپنے مداحوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ’میں یہ ایوارڈ ان تمام لوگوں کے نام کرتا ہوں، جنہوں نے مجھے ووٹ دیا!‘

اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ’الحمداللّٰہ، شکر ہے اس ربِ کائنات کا جس کے لیے تمام تعریفیں ہیں‘۔

واضح رہے کہ ہاشم ندیم کے تحریر کردہ جیو کے ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت‘ کےتیسرے سیزن میں اداکار فیروز خان اور اداکارہ اقراء عزیز نے مرکزی کردار ادا کیا۔

ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت‘ کا پہلا سیزن2011ء میں نشر کیا گیا تھا، جسے کہانی میں روحانی اور رومانوی عنصر کی ایک ساتھ موجودگی اور اداکاروں کی شاندار پرفارمنس کی وجہ سے شائقین نے بے حد پسند کیا تھا۔