بلیک فرائیڈے کی 7 میں صرف ایک ڈیل میں اصلی رعایت دی جارہی ہے، سٹڈی

November 26, 2022

لندن (پی اے) ایک سٹڈی میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بلیک فرائیڈے کی 7میں صرف ایک ڈیل میں اصلی رعایت دی جا رہی ہےاور زیادہ تر ڈیلز اگرچہ سستی ہیں لیکن ان میں سے بیشتر کی قیمتیں وہی ہیں، جو 6ماہ پہلے تھیں۔ وچ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گزشتہ سال 7 بڑے ریٹیلرز امازون، اے او، آرگوس، کریز، جون لیوس، رچر ساؤنڈس اور ویری میں بلیک فرائیڈے کے موقع پر پیش کی جانے والی 214 اشیا کی قیمتوں کا جائزہ لیا تھا۔ واچ ڈاگ کے دعوے کے مطابق 214میں سے 183اشیاء یعنی 86فیصد اشیاء سستی تھیں یا بلیک فرائیڈے سے 6ماہ قبل والی قیمتیں ہی برقرار تھیں۔ وچ نے اس سے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ بلیک فرائیڈے پر حقیقی طورپر بہت کم اشیاء پر ڈسکاؤنٹ دیا جاتا ہے، 25نومبر کو آنے والے بلیک فرائیڈے کے بارے میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ رعایت کے جھانسے میں نہ آئیں اور کوئی بھی چیز خریدنے سے قبل اچھی طرح اس بات کا اطمینان کرلیں کہ حقیقی معنوں میں رعایت دی جا رہی ہے یا محض جھانسہ دیا جا رہا ہے۔ وچ کے مطابق بلیک فرائیڈے پر رعایتی کہہ کر فروخت کی جانے والی بہت سی اشیاء، جن میں الیکٹرانک کی اشیاء شامل تھیں، بلیک فرائیڈے ختم ہونے کے بعد مہینوں تک اسی قیمت پر فروخت ہوتی رہیں اور بہت سی اشیاء کی قیمتوں میں بعد میں مزید کمی ہوگئی۔ وچ کی ریٹیل ایڈیٹر رینا سیوراز کا کہنا ہے کہ ہماری ریسرچ سے ظاہر ہوا ہے کہ بلیک فرائیڈے پر حقیقی رعایتی قیمت کا تلاش کرنا بھوسے میں سوئی تلاش کرنے کے مترادف ہے اور آپ کو بعد میں بھی نہ صرف اسی قیمت پر بلکہ اس سے بھی سستی اشیاء کرسمس کے بعد دستیاب ہوسکتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ریٹیلرز اس سال عوام کی مالی حالت یعنی رقم کی کمی سے اچھی طرح واقف ہیں، اس لئے وہ اس سال بھی لوگوں بلیک فرائیڈے کے موقع پر متوجہ کرنے اور انھیں اپنی رقم کے عوض بہترین ڈیل حاصل کرنے کا موقع فراہم کرسکتے ہیں، اس لئے توقع کی جاتی ہے کہ بعض ڈیلزبہتر ہوسکتی ہیں۔ انھوں نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر آپ حقیقی معنوں میں کم قیمت پر اشیاء خریدنے کے متمنی ہیں تو کچھ وقت صرف کر کے بہترین ڈیل حاصل کرنے کی کوشش کریں۔