بیٹی کے برطانیہ چھوڑ کر جانے کے بعد دنیا اجڑ چکی، والدہ شمیمہ بیگم

November 26, 2022

راچڈیل(نمائندہ جنگ) برطانیہ سےآئی ایس آئی ایس میں شامل ہونے والی شمیمہ بیگم کی والدہ نے کہا ہے کہ اس کی بیٹی کے برطانیہ چھوڑ کر جانے کے بعد اس کی دنیا اجڑ چکی ہے، 2015میں شمیمہ بیگم کے شام روانہ ہونے کے بعد اس کی والدہ عاصمہ بیگم نے صور تحال پر لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر دن اپنی بیٹی کے بارے میں فکر مند رہتی ہے اور اس امید میں وقت گزار رہی ہے کہ اسے برطانیہ واپس آنے کی اجازت دی جائے گی۔ عاصمہ بیگم کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کا اسکول کا بلیزر اب بھی مشرقی لندن کے بیتھنل گرین میں خاندان کے گھر کے دروازے پر لٹکا ہوا ہے جہاں وہ ہر سال اس کی سالگرہ مناتے ہیں،2015میں جب اس نے گھر چھوڑا تو ہماری دنیا بکھر گئی، تب سے آج تک ہر روز ہر گھنٹے اس کے بارے میں سوچتی رہتی ہوں۔ شمیمہ بیگم کی والدہ نے ایک سماعت میں عدالت کو بتایا کہ شمیمہ بیگم اور میں نے ایک بیڈ روم شیئر کیا ہے، میں نے اپنے کمرے سے اس کی کوئی چیز منتقل نہیں کی، اس کی درازیں بھری ہوئی ہیں، اس کا پرفیوم، قلم، زیورات اور کپڑے بھی ابھی تک وہیں موجود ہیں جو صفائی اور ترتیب کے ساتھ رکھے گئے ہیں، اس کی سکول کی کتابوں والا ڈبہ بھی ویسے ہی پڑا ہے۔واضح رہے کہ شمیمہ بیگم نے شام میں آئی ایس آئی ایس کے ایک ریکروٹ سے شادی کی اوراس کے ہاں تین بچوں کی پیدائش ہوئی اور وہ سب بعد میں مر گئے، شمیمہ بیگم برطانیہ واپس آنے کیلئے طویل عرصہ سے قانونی جنگ لڑ رہی ہے، اس کے وکلا اس کی غیر موجودگی میں منسوخ کی گئی اس کی برطانوی شہریت کو بحال کرانے کی جستجو میں ہیں اور برطانوی حکومت کے فیصلے کو چیلنج کر رہے ہیں۔