قائد اعظم ٹرافی فائنل میں آج سندھ اور ناردرن مدمقابل

November 26, 2022

کراچی( اسٹاف رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی کا پانچ روزہ فائنل ہفتے سے قذافی اسٹیڈیم میں ناردرن اور سندھ کے درمیان کھیلا جائے گا، اختتام پر فاتح ٹیم کروپتی بن جائے گی، نئے نظام کے تحت سندھ کی ٹیم پہلی بار فائنل کھیل رہی ہے، ناردرن کی ٹیم کو2019-20 اور 2021-22 دونوں سیزن میں ٹائٹل سے باہر ہونے کے بعد اسے تیسری بار خوش قسمت بننے کی امید ہے۔ سندھ نے رواں سال ملتان میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل جیتا ہے۔ چیمپئن ٹیم کو کپ کے علاوہ ایک کروڑ جبکہ رنر اپ ٹیم کو 50لاکھ روپے ملیں گے۔ ناردرن کے کپتان نعمان علی، سندھ کے کپتان سعود شکیل، وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد، اسپنرز ابرار احمد اور زاہد محمود ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل اور ٹریننگ کیمپ کے سبب میچ میں حصہ نہیں لیں گے۔ جمعے کو قذافی اسٹیڈیم میں سندھ کے کپتان خرم منظور اور ناردرن کے کپتان عمر امین نے ٹرافی کی رونمائی کی۔ خرم منظور نے کہا کہ توجہ فائنل پر ہے،بہتر کار کردگی کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔ ہمارے چار کھلاڑی قومی اسائنمنٹ پر ہیں۔ یہ دوسرے کھلاڑیوں کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ آگے بڑھیں۔ ناردرن کے کپتان عمر امین نے کہا کہ ٹیم شروع سے ہی ٹورنامنٹ پر حاوی رہی ہے ، ٹرافی اٹھانے کے لیے اسی کارکردگی کو دہرانے کی کوشش کریں گے۔ سنٹرل پنجاب کے اوپنر عبداللہ شفیق تین سنچریاں، چار نصف سنچریوں کے ساتھ 867 رنزاور بولنگ میں ابرار احمد 43 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔