اوگرا کا ’’خوشحال پاکستان اور پائیدار ترقی‘‘ کے موضوع پر ویبینار

November 26, 2022

اسلام آباد (نامہ نگار) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گزشہ روز ’’خوشحال پاکستان اور پائیدار ترقی‘‘ کے موضوع پر ایک ویبینار کا انعقاد کیا۔ ویبنار کا انعقاد آن لائن ورچوئل پلیٹ فارم بذریعہ زوم ایپلیکیشن کیا گیا۔ ویبینار کا مقصد انڈسٹری کے تمام افراد کے لئے قیادت، دور اندیشی، حکمت عملی اور کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) کی بدلتی ضروریات کے لئے وقت کے ساتھ ساتھ مخصوص مواقع فراہم کرنا تھا۔ شرکاء نے تیزی سے بدلتے ہوئے کاروباری ماحول اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کی توقعات کو پورا کرنے میں موجودہ اور مستقبل کے چیلنجز پر غور کیا۔ خاص طور پر صارفین، افرادی قوت، اسٹیک ہولڈرز، کمیونٹیز، اور حکومتوں کے ساتھ ساتھ ہمارے وسائل، آب و ہوا اور اداروں کے اندر شفاف اور سماجی طور پر ذمہ دارانہ طرز عمل اور عملی اقدامات کا مطالبہ زیر بحث آیا۔ ویبنار کی میزبانی عمران غزنوی نے کی اور چیئرمین اوگرا مسرور خان نے انڈسٹری اور پبلک سیکٹر کے معزز مہمان مقررین کو خوش آمدید کہا۔ چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے پاکستان میں کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے نظام اور اس کے طریقہ کارکی وضاحت کی۔ اس کے علاوہ سوئی گیس کمپنیوں، شیل پاکستان، پاکستان سٹیٹ آئل، ماری پیٹرولیم، ٹوٹل پارکو، اٹک ریفائنری، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ اور انڈس فاؤنڈیشن کی سینئر انتظامیہ نے شرکت کی۔