ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے

November 27, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات میں 5افرادجاں بحق جبکہ ٹریفک پولیس کے اہلکارسمیت دوافراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق پورٹ قاسم کے قریب مین نیشنل ہائی وے ٹویوٹاشوروم کے قریب تیزرفتارگاڑی نے سڑک عبورکرنے والے 50سالہ راہگیرکو کچل دیا ،متوفی کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی ،جہاں متوفی کی شناخت فداحسین ولد فضل الرحمن کے نام سے کی گئی ،پولیس کے مطابق متوفی اس ہی علاقے کارہائشی بتایاجاتا ہے۔اورنگی ٹاؤن کے علاقے مین شارع اورنگی پر نشان حیدر چوک کے قریب تیزرفتارگاڑی نے موٹرسائیکل سوار دوافرادکو روند ڈالا حادثے کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسراشدید زخمی ہو گیا جنہیں فوری طبی امداد کیلئے عباسی اسپتال پہنچایا گیا ،جہاں متوفی کی شناخت 36سالہ سہیل ولد شعیب جبکہ زخمی کی شناخت شہنوازکے نام سے کی گئی ،پولیس کے مطابق متوفی اور زخمی اورنگی ٹاؤن کے ہی رہائشی ہیں ۔منگھوپیر کے علاقے ناردرن بائی پاس خیبرہوٹل کے قریب تیزرفتارشہزورٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا ،متو فی کی لاش عباسی اسپتال پہنچائی گئی ،جہاں متوفی کی شناخت 35سالہ امین ولد اسحاق کے نام سے کی گئی ،سچل کے علاقے الاآصف اسکوائر کے قریب تیزرفتارگاڑی نے موٹر سائیکل سوارکو کچل دیا ،متوفی کی لاش عباسی اسپتال پہنچائی گئی ،جہاں متوفی کی شناخت 29سالہ محمد سلال الطاف کے نام سے کی گئی ،پولیس کے مطابق متوفی نارتھ کراچی کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔سپرہائی وے نیوسبزی منڈی کے قریب سڑک عبورکرنے والے 70سالہ شخص کو تیز رفتار گاڑی نے کچل دیا ،متوفی کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی ،جہاں متوفی کی شناخت گل ولد حاجی عبدالمتین کے نام سے کی گئی ۔گرومندر چورنگی کے قریب بے قابو مسافر بس کی ٹکر سے ٹریفک پولیس افسر زخمی ہوگیا،ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ٹریفک احمد نواز چیمہ کے مطابق واقعہ حادثاتی ہے جس میں بس ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی بھی شامل ہے،احمد نواز چیمہ کے مطابق گرومندر سے تین ہٹی کی طرف جانے والی روٹ نمبر 4کیو کی مسافر بس نمبر جے بی 2444 تیز رفتاری کے دوران بے قابو ہو کر کنکریٹ کے بیریئرز سے ٹکرا کر اس کے عقب میں کھڑے ہوئے پی آئی بی کالونی ٹریفک سیکشن کے سب انسپکٹر 55سالہ ابرار احمد سے ٹکرائی،زخمی سب انسپکٹر کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،پولیس کے مطابق بس کو قبضے میں لے کر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔