انگلش کرکٹرز کو بغیر اجازت ہوٹل سے نکلنا، باہر سے کھانا منگوانا منع

November 29, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلش کرکٹر اسلام آباد میں سیکیورٹی اہلکاروں کی پیشگی اجازت کے بغیر ہوٹل سے باہرنہیں جاسکتے اور نہ انہیں باہر سے کوئی کھانا منگوانے کی اجازت ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مراکش کے انگلش شیف مقامی شیف کے ساتھ مل کر مہمان ٹیم کے لئے کھانے تیار کررہے ہیں۔ ہوٹل میں مہمان ٹیم کو تفریح فراہم کی گئی ہے ، وہ ایک دن گالف کورس بھی جائیں گے۔ ساتھ ہی ہوٹل میں ہی مختلف سرگرمیاں کرنے کا موقع دیاجائےگا۔ بین اسٹوکس اپنے ساتھ اپنی پسندیدہ ویڈیو گیمز لائےہیں۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ متعدد کھلاڑیوں کو ویڈیو گیمز کا شوق ہے، زیک کرالی اپنے ساتھ پسندیدہ کارڈز کی گیم لائے ہیں۔ کیٹن جیننگز کافی کے شوقین ہیں اور وہ کافی مشین ہمراہ لائے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مہمان کھلاڑیوں کو سکیورٹی ببل سے باہر جانے کی اجازت نہیں۔ ٹیم فلور پر کمانڈوز تعینات ہیں ۔ ٹیم بس میں بھی کمانڈوز حفاظت کی ذمے داری نبھارہے ہیں۔ انگلش کرکٹرز اسلام آباد میں خوش ہیں اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کررہے ہیں۔