فیریئر ہال میں ادب فیسٹیول کا انعقاد خوش آئند ہے، مرتضیٰ وہاب

November 29, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں چوتھے ادب فیسٹیول کا انعقاد خوش آئند ہے، شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ علمی و ادبی پروگراموں کو پذیرائی مل رہی ہے بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے زیر انتظام پارکس میں علمی و ادبی سرگرمیوں کے انعقاد کو خوش آمدید کہے گی اور اس سلسلے میں ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، یہ بات انہوں نے فریئر ہال میں کے ایم سی کے تعاون سے دو روزہ ادب فیسٹیول میں شرکت کے موقع پر کہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اس سال ادب فیسٹیول کا موضوع ماحولیاتی تبدیلی تھا ، نئی نسل کو ہماری اعلیٰ علمی، ادبی اور ثقافتی روایات سے روشناس کرانا ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ ادبی میلے کے دو روز مختلف سیشنز میں ادیبوں، شاعروں، دانشوروں اور ماہرین کی گفتگو اور لیکچر ز سے حاضرین کی معلومات میں گرانقدر اضافہ ہوا اور خصوصاً بچوں کے لئے کہانیاں سنانے سے انہیں مطالعے کی طرف راغب کرنے کا بہترین موقع ملا، ہمارا قاری کتابوں سے دور ہوتا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا نے کتابوں کی جگہ لے لی ہے، کراچی شہر کے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ یہاں اس قسم کی سرگرمیاں نہ صرف تسلسل کے ساتھ جاری ہیں بلکہ ان میں شہریوں کا ذوق و شوق مزید بڑھ رہا ہے۔