کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) منگھوپیر اجتماع گاہ کے قریب غلط سمت سے آنے والے تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو کچل دیا جس کے باعث موٹر سائیکل سوار کمسن بچہ جاں بحق اور3 بچے زخمی ہوگئے، تفصیلات کے مطابق منگھوپیر اجتماع گاہ گلشن بہار روڈ الیاس مسجد کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار ایک کمسن بچہ جاں بحق اور ایک بہن اور دو بھائی زخمی ہوگئے ، جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا ، جہاں جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 5 سالہ محمد حسن ولد محمد فیصل کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والوں میں 18 سالہ محمد شرجیل ولد محمد قیصر ، 15 سالہ فاطمہ دختر محمد قیصر اور 7 سالہ محمد عبداللہ ولد محمد قیصر شامل ہیں ، جاں بحق و زخمی ہونے والے آپس میں کزن ہیں ، زخمی ہونے والے بچوں کے والد محمد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرا بیٹا شرجیل اپنے بہن بھائی اور کزن کو لے کر اپنے گھر منگھو پیر مہران سٹی سے گلشن بہار میں واقعے خورشید اسکول جا رہا تھا کہ اجتماع گاہ کی چڑھائی سے ٹینکر والا رانگ سائیڈ آیا اور موٹرسائیکل کو ٹکر ماری محمد حسن موٹرسائیکل پر آگے بیٹھا ہوا تھا اس کے ماتھے پر چوٹ لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا ، موقع پر موجود عوام نے ٹینکر والے کو پکڑا اور پولیس کے حوالے کر دیا ، متوفی محمد حسن 5 بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا اس کے والد موٹرکا پمپ بنانے کا کام کرتے ہیں ، پولیس کے مطابق حادثے کے ذمے دار ٹینکر کے ڈرائیور ملزم محمد فیاض ولد محمد امین کو باقاعدہ گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ ٹینکر کو قبضے میں لے کر منگھو پیر تھانے منتقل کر دیا گیا ۔