کراچی (اسٹاف رپورٹر ) نارتھ ناظم آباد کے علاقے کٹی پہاڑی کے قریب تیز رفتار ٹرالر بے قابو ہوکر نجی بینک کی عمارت میں جا گھسا جس کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ ٹرالر کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا جس کے بعد گاڑی بے قابو ہوکر بینک الحبیب کی عمارت کے اندر جا گھسا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ٹرالر کا ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 21 سالہ محمد احسان ولد ثناء اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ایدھی حکام کے مطابق متوفی کی لاش کو ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔