مجاہد کالونی ایکشن کمیٹی کے وفد کی صوبائی وزیر بلدیات سے ملاقات

November 29, 2022

کراچی ( اسٹاف ر پو ر ٹر) مجاہد کالونی ایکشن کمیٹی کے وفد نے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما قاری محمد عثمان کی قیادت میں ملاقات کی اور مجاہد کالونی میں جاری آپریشن سے آگاہ کیا، قاری محمد عثمان نے سید ناصر حسین شاہ کو بتایا کہ 1952 سے قائم قدیم ترین آبادی کو محض ایک غیر ضروری سڑک کی خاطر جسکی نہ تو ضرورت ہے اور نہ اہمیت یوں مسمار کردینا ظلم کی انتہا ہے، وفد نے مطالبہ کیا کہ مجاہد کالونی کے معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز اور حکومتی نمائندوں پر مشتمل با اختیار کمیٹی بنائی جائے جو نقصانات اور آپریشن کی وجوہات سمیت اسکی بھی تہہ تک پہنچے کہ مجاہد اور واحدکالونی کو کس قانون اور کس کے حکم پر مسمار کیا جارہا ہے؟ صوبائی وزیر بلدیات نے وفد کے مطالبات غور سے سننے کے بعد معاملات کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میری پوری کوشش ہوگی کہ اس معاملے میں عوام کو انصاف فراہم کیا جائے، علاوہ ازیں جمعیت علماء اسلام نے واضح کیا ہے کہ اگر مسئلے کا جلد حل نہیں نکالا گیا تو بھرپور احتجاجی تحریک کے لئے بالائی جماعت سے مشاورت کی جائے گی۔