ایک ارب نوجوانوں کی قوت سماعت متاثرہونے کاخدشہ

November 29, 2022

نیویارک (نیوز ڈیسک) ایک حالیہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ دنیا بھر میں نوجوانوں کا مختلف صوتی آلات کا غیر محفوظ استعمال ان کی قوت سماعت کو بری طرح متاثر کر سکتا ہے۔ سماعت کے نقصان کا خطرہ شور کی بلندی، دورانیے اور ارتعاش پر منحصر ہے۔ ایک حالیہ تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں نوجوانوں کی تقریباً ایک چوتھائی تعداد تجویز کردہ حد سے زیادہ بلند سطح پر موسیقی سنتی ہے، جس سے ان کے بہرے ہونے کا خطرہ ہے، ہیڈفون کیساتھ جڑے آلہ سماعت کیلئے محفوظ حد سے تجاوز لوگوں کیلئے خطرہ ہے،ہر عمر میں سماعت کے نقصان سے بچاؤ کو ترجیح دینا ضروری ہے لیکن یہ خاص طور پر اہم ہےکہ زندگی کے شروعات میں سماعت کے نقصان کو کم کیا جائے تاکہ یہ پھیل نہ سکے اور وقت کے ساتھ ساتھ مزید خراب ہو جائے۔میڈیکل یونیورسٹی آف ساؤتھ کیرولائنا میں پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلو اور تحقیقاتی مطالعے کی مصنفہ لارین ڈیلارڈ نے جرمن نشریاتی ادارے کو بتایا، ʼʼہماری تحقیق کے مطابق سماعت کے غیر محفوظ طریقے نوجوانوں میں عام ہیں، جس کی وجہ سے ایک ارب سے زائد نوجوانوں کو مستقل سماعت سے محرومی کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، شور کی وجہ سے قوت سماعت کو پہنچنے والا نقصان ناقابل واپسی ہے اور ہمیں سماعت کے نقصان کو روکنے کے لئے حکمت عملی پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے۔