کالج اساتذہ کے پروموشن کیسز میں تاخیر ہمیں احتجاج پر مجبور کررہی ہے، بی پی ایل اے

November 29, 2022

کوئٹہ ( پ ر) بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کےنو منتخب صدر پروفیسر طارق بلوچ نے کالجز ڈیپارٹمنٹس کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے قریب اساتذہ کی ریگولر پروموشن کیسز کو پروموشن بورڈ بھیجنے میں تاخیری حربوں اور ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے تیار ٹائم سکیل پروموشن کیسز پر کمیٹی کی میٹنگ بلانے کی بجائے مسئلے کو سردخانے میں ڈالا جارہا ہے۔ پچھلے چھ ماہ میں کئی سینئر پروفیسرز جن کے کیسز پروموشن بورڈ کو بھیجنے کے لیے سیکرٹری کالجز کے سامنے رکھا گیا لیکن انہیں بورڈ میں بھیجنے کی بجائے بلا وجہ تعطل میں رکھا گیا جس سے ان اساتذہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اور یہ عمل اساتذہ کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔انہوںنے کہاکہ محکمہ تعلیم کالجز میںمیرٹ کو پامال کرتے ہوئے جونیئرز کو اہم انتظامی پوسٹوں پر تعینات کیا جارہاہے۔ کالج اساتذہ کی بغیر کسی معقول وجہ ٹرانسفر پوسٹنگ سے تعلیمی نظام برباد ہوگیا۔کالجز میں نظم ونسق بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔اور ارباب اختیار کا یہ رویہ ہمیں احتجاج پر مجبورکررہاہے۔ پروفیسر طارق بلوچ نے کہاکہ اگر پروموشن کیسزجلد مثبت پیش رفت نہیں کی گئی تو اس سلسلے میں بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن جلد پریس کانفرنسز اور احتجاج کے علاوہ ہر طرح کا قانونی و آئینی راستہ اپنائےگی اور بلوچستان بھر میں احتجاج کا ایک منظم سلسلہ شروع کیاجائےگا۔لہذا متعلقہ اختیار دار ہوش کے ناخن لیں اور کالج اساتذہ کے پروموشن سمیت دیگر مسائل کے حل کےلیے اپنی ذمہ داریاں پور ی کریں ۔