سی ڈی اے پلاننگ ونگ میں جعل سازی، ڈپٹی ڈائریکٹر اربن معطل

November 29, 2022

اسلام آباد( نیوز رپورٹر)سی ڈی اے پلاننگ ونگ میں جعل سازی کا انکشاف ہوا ہے۔ذ رائع کے مطا بق فائل سےسابقہ ممبر پلاننگ کی نوٹنگ کو پھاڑ کر بلڈنگ پلان کا کیس منظور کروانے کی کوشش کی گئی جو ناکام ہوگئی ۔ ذ رائع کے مطا بق ڈپٹی ڈائریکٹر اربن پلاننگ محمد حنیف نے نجی ٹاؤن کے ایک شاپنگ سنٹر کے پلاٹ پر مرکز کے بائی لاز لگوانے کی کوشش کی اور اس پلاٹ پر پانچ منزلیں تعمیر کروانے کے لیے کیس ڈی وی سی کو بھیجا تاہم ڈی وی سی میں موجود کمیٹی ارکان نے اس پر اعتراض اٹھایا تو معاملہ کھل گیا ۔ موجودہ ممبر پلاننگ وسیم حیات باجوہ نے سابقہ ممبر پلاننگ نوید الٰہی سے رابط کیا تو معلوم ہوا کہ سابقہ ممبر پلاننگ نوید الٰہی نے اس کیس کو مسترد کیا تھا اور اس پر باقاعدہ نوٹنگ بھی لکھی تھی جو مبینہ طور پر پھاڑ دی گئی جس کے بعد ممبر پلاننگ نے سخت ایکشن لیتے ہوئے محمد حنیف کو پیشہ وارانہ غیر ذمہ داری اور کارکردگی نہ ہونے کے باعث معطل کردیا۔