سرکاری گندم کی بلیک مارکیٹنگ،دو فلور ملز کا کوٹہ معطل، مقدمہ درج

November 29, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فوڈ نے فلور ملز اور ہول سیل پوائنٹس پر چھاپے مارے۔ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ آصف رضا کی سربراہی میں محکمہ فوڈ نے سرکاری گندم کی بلیک مارکیٹنگ پر دو فلور ملز کا کوٹہ معطل کرکے مقدمہ درج کرادیا اس موقع پر سرکاری آٹے کی غیر قانونی پیکنگ میں ملوث دو دکاندار بھی پکڑے گئے۔ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ آصف رضا اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عمیر صغیر نے مشترکہ طور پر کارروائی کی۔قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ آصف رضا نے شہر کے مخلتف آٹا ہول سیل پوائنٹس کی انسپکشن بھی کی۔آصف رضا نے بتایا کہ اتحاد فلور ملز اور زکریا فلور ملز نے دکانداروں کا نیٹ ورک بنارکھا تھا جس کے ذریعے سرکاری پیکنگ کے بجائے پرائیویٹ تھیلوں میں گندم ڈال کر فروخت کیا جارہا تھا۔گندم خوردبرد کرنے والے مافیا کا کڑا احتساب کیاجائے گا ۔ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ نے بتایا کہ ڈویژن کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی جاری ہے کسی صورت مصنوعی قلت پیدا نہیں ہونے دینگے۔