پاک انگلینڈ ٹیسٹ کیلئے جوش و خروش، بارمی آرمی بھی پہنچ گئی، ٹکٹس دھڑا دھڑ فروخت ہونے لگے

November 30, 2022

راولپنڈی (عبدالماجدبھٹی/ نمائندہ خصوصی) پاکستان اور انگلینڈ کی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لئے جڑواں شہروں پنڈی اور اسلام آباد میں جوش وخروش اپنے عروج پر ہے۔ٹکٹس دھڑا دھڑ بکنے لگے۔ پہلا ٹیسٹ جمعرات یکم دسمبر سے شروع ہوگا۔ انگلش ٹیم کو سپورٹ کرنے بارمی آرمی بھی پاکستان پہنچ گئی، پاکستان اور کپتان بابر اعظم کے لئے اس سیریز کی اہمیت اس لئے زیادہ ہے کہ اگر پاکستان انگلینڈ کو دو صفرسے ہرانے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو جون میں اوول میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے لئے امکانات بڑھ جائیں گے۔ اس وقت پاکستانی ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پانچویں نمبر پر ہے۔ راولپنڈی ٹیسٹ کی آن لائن ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے، میچ کے پہلے دن کے لیے 4 انکلوژرز اور دوسرے دن کے لیے جاوید میانداد اور عمران خان انکلوژرز کی تمام ٹکٹیں فروخت ہوگئی ہیں۔ میچ کے تیسرے اور چوتھے دن کی بھی جاوید اختر، اظہر محمود، جاوید میانداد اور عمران خان انکلوژرز کی تمام ٹکٹیں فروخت ہوگئی ہیں۔ توقع ہے کہ پاکستان انگلش بیٹرز کو مشکل ڈالنے کے لئے مسٹری اسپنر ابرار احمد کو شامل کرے گا۔ لیگ اسپنر زاہد محمود کو بھی کھلانے کے امکانات ہیں۔ بابر اعظم کے پاس محمد نواز کا آپشن بھی موجود ہے۔ فاسٹ بولنگ میں نسیم شاہ ،حارث رئوف اور فہیم اشرف کو کھلایا جاسکتا ہے۔ توقع ہے کہ پاکستان چھ بیٹرز بابر اعظم،امام الحق،عبداللہ شفیق، اظہر علی محمد رضوان، سلمان علی آغا کے ساتھ میدان میں اترے گا۔ انگلش ٹیم نے مسلسل دوسرے پنڈ ی اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی اور نیٹ پر اسپنرز کے خلاف بیٹرز پریکٹس کرتے رہے۔ دریں اثنا انگلش تماشائی بارمی آرمی بھی سیریز کو دیکھنے کے لئے پنڈی پہنچ گئے ہیں۔ بارمی آرمی 2005 کے بعد پہلی بار پاکستان پہنچی ہے۔