ججز کا احتساب کسی بھی دوسرے ادارے سے زیادہ اہم ہے، فواد چوہدری

November 30, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کا مسئلہ عدلیہ کی کاہلی کی وجہ سے ہے، ججز کا احتساب کسی بھی دوسرے ادارے سے زیادہ اہم ہے۔ گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ اعلیٰ عدلیہ پاکستانی عوام کے حوالے سے اپنی بنیادی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، ججز کا احتساب کسی بھی دوسرے ادارے سے زیادہ اہم ہے۔ ادھر ایک اور ٹویٹ میں فواد چوہدری نے اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے بیان جاری کرنے پر ترجمان الیکشن کمیشن کو عہدے سے ہٹانے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو درست قرار دیتے ہوئے لکھا کہ سیاسی بیان جاری کرنا ترجمان الیکشن کمیشن کا کام نہیں تھا۔