• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چمن، 4 سال کی بچی سے شادی کرنے والا 60 سالہ شخص افغانستان فرار

کوئٹہ( جنگ نیوز)چمن میں 4سال کی بچی سے 60سال کے شخص کی مبینہ شادی کےکیس کا ملزم افغانستان فرار ہوگیا جب کہ بچی کے والد اور ملزم کے بھائی کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق تحقیقات میں 4 سالہ بچی کے نکاح کے معاملے میں7 ستمبرکو قتل کی گئی اس کی 14 سالہ بہن کے قتل کا تعلق بھی سامنے آیا ہے۔ قتل کے الزام میں اس کا شوہر گرفتار کیا جاچکا ہے جو 4 سالہ بچی سے مبینہ نکاح کرنے والے 60 سالہ دولہےکا ہی بیٹا ہے۔4سالہ بچی کےگرفتار ہونے والے والدکا کہنا ہےکہ اس کی 14 سالہ بیٹی شکریہ بی بی کو سسرال میں مبینہ تشددکا سامنا تھا، اس پر دباؤ ڈال کر ایک اور کمسن بیٹی کا رشتہ بھی طلب کیا جاتا رہا، جس کے بعد گزشتہ ماہ 4 سالہ بیٹی کا رشتہ 60 سالہ صلاح الدین سے 25لاکھ روپے کے عوض طے ہوگیا تھا، تاہم رقم کی ادائیگی سے قبل صلاح الدین کی جانب سے 4 سالہ بچی کے بجائے 8 سالہ بیٹی کا رشتہ طلب کیا گیا اور رشتہ نہ دینے پر 7 ستمبرکو کچلاک میں شادی شدہ 14 سالہ بیٹی شکریہ بی بی کو تشددکرکے قتل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق دونوں واقعات میں مزیدکون کون ملوث ہیں اس کی تحقیقات کی جارہی ہے، جب کہ کمسن بچی کے تحفظ اور قانونی کارروائی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
اہم خبریں سے مزید