اسرائیلی فوجیوں کی ریاستی دہشتگردی 2 بھائیوں سمیت 5 فلسطینی شہید

November 30, 2022

رملہ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں منگل کے روز مزید 5 فلسطینیوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا، کفر عین ، بیت عمار اور رملہ میں مظاہرین کو سروں اور سینے پر گولیاں ماری گئیں ، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک کار سوار فلسطینی نے گاڑی کی ٹکر سے ایک صہیونی فوجی کو زخمی کردیا تھا جس کے بعد اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج نے دو علیحدہ واقعات میں 4 مظاہرین کو بھی شہید کرنے کی تصدیق کی ہے۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں کئی روز سے فلسطینیوں کے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جو آئے روز اسرائیلی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بن رہے ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق رملہ کے قریب کفر عین کے علاقے میں دو فلسطینی بھائیوں کو اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے شہید کردیا، تیسرا فلسطینی شہری بیت عمار میں شہید ہوا جسے اسرائیلی فوجیوں نے سر پر گولی ماردی تھی، اسی طرح چوتھے فلسطینی نوجوان کو اسرائیلی فورسز نے رملہ کے شمال میں مظاہرے کے دوران سینے پر گولی مار کر شہید کیا۔