95ملین کاایک مریض ایک آئی ڈی منصوبہ مقررہ مدت میں نامکمل

November 30, 2022

اسلام آباد (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے) وزارت آئی ٹی کا ایک مریض ایک آئی ڈی (رجسٹریشن) منصوبہ سست روی کا شکار ہے ،یہ منصوبہ اپنی مقررہ مدت گزرنے کے باوجود بھی مکمل نہیں ہو سکا ،این آئی ٹی بی کے زیر اہتمام جاری اس منصوبے کی تکمیلی مدت میں توسیع کا کیس وفاقی سیکرٹری آئی ٹی کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق 95ملین روپے کی لاگت کے اس منصوبے کو اگست 2022ء میں مکمل ہونا تھا مگر سوا دو سال میں یہ منصوبہ صرف 30فیصد ہی مکمل ہو سکا ہے، اس منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں میں مریضوں او رعلاج معالجے کےڈیٹا کی ڈیجٹیلائزیشن ہونا ہے ، اس منصوبے پر اب تک تقریباً سوا تین کروڑروپے خرچ ہو سکے ہیں ،وزارت کے حکام سے جب اس منصوبے کی تاخیر کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اسی رفتار سے کام ہو گا جس رفتار سے فنڈز کا اجراء ہو گا ، منصوبوں کی تکمیل کیلئے ان میں توسیع بھی ہو جاتی ہے ۔ این آئی ٹی بی کے حکام کے مطابق منصوبے میں چند ماہ تاخیر وزارت صحت کی وجہ سے ہوئی تاہم ہم یہ منصوبہ جلدمکمل کریں گے جبکہ اس کا فائدہ وزارت صحت اٹھائے گی ۔