کو ہاٹ دہرے قتل کے مقدمہ میں اپیلیں خارج، 2 بار عمرقید کی سزا برقرار

November 30, 2022

پشاور(کرائم رپورٹر)پشاورہائیکورٹ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ پر مشتمل بنچ نے کوہاٹ میں ائیرفورس ملازم سمیت 2افراد کے قتل کے مشہور مقدمے میں سزا یا فتہ ملزم کی اپیل خا رج کرتے ہوئے 2بارعمرقید اور10لاکھ روپے جرمانہ کی سزاء بحال رکھتے ہوئے ماڈل کریمینل کورٹ کافیصلہ درست قراردیدیا۔ ملزم محمد آصف کی اپیل اورمدعی مقدمہ کی جانب سے سزا بڑھانے کی درخواست پر سماعت کے دوران مدعی وارنٹ آفیسر انچارج پی اے ایف کوہاٹ برہان الدین کی جانب سے بیرسٹر روخان نفیس شفیع عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزم کے وکیل نے بتایا کہ ان کے موکل پر الزام ہے کہ اس نے ائیرفورس اہلکار سمیت 2افراد کو قتل کیا ، 31مارچ 2021کوٹرائل کورٹ نے ملزم کودومرتبہ عمرقید اور پانچ ،پانچ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا ءسنائی ،ماڈل کورٹ نے کیس میں کئی اہم قانونی نکات کو نظرانداز کیا ملزم پر لگائے گئے الزامات میں صداقت نہیں لہذا عدالت سے اسے بری کرنے کی استدعا کی ۔ بیرسٹر روخان نفیس شفیع نے کہا کہ تمام واقعاتی شہادتیں اور ثبوت ملزم کیخلاف ہیں ،ملزم کو دی گئی سزا دی ناکافی ہے کیونکہ اس نے بیدردی سے 2افراد کی جانیں لی ہیں، سزا میں اضا فہ کیا جائے ۔ فاضل بنچ نے دلائل مکمل ہونے پر ملزم کی سزائیں برقراررکھیں۔