سی پی او آفس و سیف سٹی کی زیر تعمیر عمارت سے سامان چوری، 4ملزم زیر حراست

December 01, 2022

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) سی پی اوآفس وراولپنڈی سیف سٹی کی زیرتعمیرعمارت سے سامان چوری کرنے والے چارملزموں کو حراست میں لے لیاگیا،ذرائع کے مطابق بدھ کی رات سی پی اوآفس اورراولپنڈی سیف سٹی کی زیرتعمیر بلڈنگ میں موجود بلڈنگ ٹھیکیدارکاملکیتی شٹرنگ کاسامان چوری کرکے ایک گاڑی میں لوڈکیاجارہاتھاکہ اسی عمارت کے احاطہ میں واقع ایس پی صدر آفس کے اہلکاروں نے چار ملزموں کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا ، جنہیں بعدازاں مسروقہ سامان وگاڑی تھانہ سول لائنزپولیس کے حوالے کردیاگیا۔ ڈیوٹی افسرکامران شفیع نے جنگ کے استفسارپربتایاکہ چارنہیں صرف ایک بندہ پکڑا گیا ہے جوٹھیکیدارکااپناملازم ہے ،ادھرپانچ سال سے التواکاشکارمذکورہ بلڈنگ کے ٹھیکیدارکاشٹرنگ کا سامان پانچ چھ ماہ سے چوری ہورہاتھا۔ذرائع کاکہناہے چندماہ پہلے سی پی اوکی جانب سے متعلقہ حکام کوسی پی اوآفس کی عمارت مکمل کرنے کے حوالے سے درخواست دوسوملین تخمینہ لاگت کے ہمراہ بھجوائی گئی تھی کہ یہ رقم ریلیزکردی جائے تاکہ سی پی اوآفس کواپنی عمارت میں منتقل کیاجاسکے جو چھ سال سے عارضی طورپرپولیس لائنزمیں قائم ہے جسکی وجہ سے پولیس ملازمین کورہائش کے حوالے سے مشکلات کاسامناہے ۔حالیہ لانگ مارچ کے دوران دوسرے اضلاع سے آنے والی نفری کوپولیس لائنزمیں جگہ نہ ہونے کی وجہ سے سرکاری سکولوں اوردیگرعمارتوں میں ٹھہرایاگیا۔