نور مقدم کیس، ظاہر جعفر کے وکیل نے اپیل میں تکنیکی نکات اٹھائے

December 01, 2022

اسلام آباد (خبر نگار) نور مقدم قتل کیس میں سزائے موت کے مجرم ظاہر جعفر کے وکیل نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں سزا کے خلاف اپیل میں تکنیکی نکات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں صرف تین ملزمان کو سزا ہوئی جبکہ 9 ملزمان بری ہوئے۔ ظاہر جعفر کی دماغی حالت کا کبھی معائنہ نہیں کیا گیا جو اس کا بنیادی حق ہے۔ مدعی کے وکیل نے کہا مجرم کی جانب سے ذہنی معائنے کی درخواست دائر کی گئی جو خارج ہوگئی تھی۔ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر مشتمل ڈویژن بنچ نے نور مقدم کیس میں ظاہر جعفر کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت کی۔ ظاہر جعفر کے وکیل عثمان کھوسہ نے دلائل دئیے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ فوجداری قانون میں ہر فیصلے کا اپنا پس منظر ہوتا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت آج تک ملتوی کر دی۔