پندرہویں عالمی اُردو کانفرنس، وزیراعلیٰ نے افتتاح کیا

December 02, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی پندرہویں سالانہ عالمی اردو کانفرنس جو اردو ادب کا سب سے بڑا میلہ ہے کا افتتاح جمعرات کی شام وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم I میں کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی جب کہ مجلس صدارت میں زہرا نگاہ ، اسد محمد خاں،انور مقصود، افتخار عارف، کشور ناہید، امجد اسلام امجد، پیرزادہ قاسم رضا صدیقی،رضی احمد، اشفاق حسین، رؤف پاریکھ، منور سعید، نورالہدیٰ شاہ، یوسف خشک ایلکس بیلم،ناصر عباس نیئر موجود تھے جبکہ بڑی تعداد میں اردو کے قدر دانوں کی شرکت سے اردوکانفرنس کو چار چاند لگادئے گئے۔ اس موقع پر آرٹ کونسل کے احاطے میں کتابوں کی نمائش اور فوڈ کورٹ بھی لگایا گیا۔ آرٹ کونسل کے اندر ایک میلہ کا سماں جو چار دن تک جاری رہے گا۔ عالمی اردو کی پہلی کانفرنس 2008ءمیں منعقد ہوئی تھی، اس کے بعد تسلسل کے ساتھ یہ کانفرنس منعقد ہورہی ہے اور اس میں بتدریج ترقی ہی ہورہی ہے، اب اس کانفرنس میں پاکستان کے علاقائی زبانوں سندھی، بلوچی، پشتوں، سرائیکی، پنجابی کو بھی شامل کردیاگیا ہے جب کہ اس کانفرنس میں دنیا بھر سے سینکڑوں دانشوروں، ادیبوں، شاعروں کے علاوہ غیر ملکی مندوبین بھی شرکت کررہے ہیں، اس کانفرنس میں کل 46سیشن ہوں گے۔ پہلے روز افتتاحی اجلاس کے بعد ”اقبال اور قوم“، ”اردو کا شاہکار ادب“ اور قوالی ”آہنگ خسروی“ معروف قوال ایازفرید، ابو محمد نے امیر خسرو کا کلام پیش کیا۔