محمود آباد، رہائشی اپارٹمنٹ میں زہریلی گیس کے باعث بچی جاں بحق

December 02, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محمود آباد اعظم بستی میں واقع رہائشی اپارٹمنٹ میں زہریلی گیس کے باعث ایک بچی جاں بحق جبکہ والدہ اور چار بہن بھائی بے ہوش ہوگئے، اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکار اپارٹمنٹ پہنچے،پولیس کے مطابق متوفی بچی اور اس کی والدہ کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے شہزاد کی بیٹی چار سالہ ریچل کی موت کی تصدیق کی، بے ہوش بہن بھائیوں میں 10سالہ کرسٹینا، 5سالہ پیٹر،8سالہ اسرائیل اور9سالہ فریسٹینا کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ میں داخل کرایا گیا ہے، اسپتال انتظامیہ کے مطابق متاثرہ بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ واقعہ دوائیوں سے گیس خارج ہونے کی وجہ سے پیش آیا، آنجہانی لڑکی کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ دو روز قبل گھر والوں نے چوہوں اور کھٹمل کے لیے زہریلی دوائیں گھر میں رکھی تھیں بعد ازاں گھر کی صفائی کے ساتھ دوا نکال دی گئی تاہم بدھ کی رات سے بچوں کی جسمانی حالت خراب اور انہیں قے آنا شروع ہو گئی تھی، صبح انہیں اسپتال لایا گیا۔