ن لیگ کی مقبولیت میں کمی، نواز شریف کی واپسی ضروری، تجزیہ کار

December 02, 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آپس کی بات“میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار انصار عباسی نے کہا کہ ن لیگ کی مقبولیت کم ہونے کی وجہ سے نواز شریف کی واپسی ضروری ہوگئی ہے

سینئر صحافی و تجزیہ کار عاصمہ شیرازی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں نہیں لگتا کہ اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرے گی.

سربراہ پلڈاٹ احمد بلال محبوب نے کہا کہ توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ کیسوں میں تحریک انصاف کو نقصان پہنچا ہے، سینئر صحافی و تجزیہ کار انصار عباسی نے کہا کہ ماضی کی اسٹیبلشمنٹ تک لیول پلیئنگ فیلڈ کا مسئلہ تھا، نواز شریف کے واپس آنے کے معاملہ پر بھی رکاوٹیں تھیں، عمران خان کی اقتدار اور اپوزیشن میں مقبولیت میں زمین آسمان کا فرق ہے، پنجاب میں بھی عمران خان کی مقبولیت ن لیگ سے زیادہ ہوگئی ہے.

مریم نواز کے کیس میں اسلام آ باد ہائیکورٹ کا فیصلہ بالواسطہ طور پر نواز شریف کی بریت کی بات کرتا ہے، میری اطلاع کے مطابق نواز شریف کی واپسی میں اب کوئی رکاوٹ نہیں ہے، نواز شریف چاہتے ہیں واپس آئیں تو انہیں دوبارہ جیل نہیں جانا پڑے۔

انصار عباسی کا کہنا تھاکہ ن لیگ کی مقبولیت کم ہونے کی وجہ سے نواز شریف کی واپسی ضروری ہوگئی ہے، نواز شریف واپس آکر فعال سیاست کرتے ہیں تو ن لیگ کی مقبولیت بڑھے گی، وزیراعظم شہباز شریف کو نام لے کر عمران خان کو انگیج کرنا چاہئے، حکومت مقررہ وقت سے تین ماہ پہلے الیکشن کروانے پر راضی ہوجائے تو انہیں اگلے پانچ ماہ سیاسی استحکام مل سکتا ہے

حکومت معاملات نہیں سنبھال پائی تو معیشت کو بڑا نقصان پہنچے گا، جہاں تک سائے والی بات ہے تو زیادہ سائے سین سے ہٹ رہے ہیں، عمران خان کا تصادم اسٹیبلشمنٹ کے بڑے حصے کے ساتھ تھے۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار عاصمہ شیرازی نے کہا کہ آصف زرداری موجودہ سیاسی صورتحال میں پراعتماد ہیں.

آصف زرداری سمجھتے ہیں اسمبلیاں تحلیل ہوگئیں تب بھی حکومتی اتحاد کیلئے الیکشن لڑنا مشکل نہیں ہوگا، وہ کہتے ہیں عمران خان مقبول ضرورہیں لیکن انہیں جیتنے کیلئے کھلا میدان نہیں ملے گا

اسمبلیاں تحلیل ہونے کی صورت میں پورے پاکستان میں نہیں صرف پنجاب اور کے پی میں ہی الیکشن ہوں گے، آصف زرداری کی طرح وزیراعظم شہباز شریف بھی پراعتماد ہیں، حکومتی اتحاد متفق ہے کہ وقت سے پہلے عام انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے.

نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے بعد حکمراں اتحاد کا اعتماد مزید بڑھا ہے، موجودہ صورتحال میں نہیں لگتا کہ اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرے گی۔ عاصمہ شیرازی کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت اگلے چھ ماہ میں لوگوں کو ریلیف دے سکی تو ان کی مقبولیت بڑھ سکتی ہے.

آصف زرداری معاشی بحالی کیلئے آؤٹ آف دا باکس حل کی بات کررہے ہیں، حکومت مہنگائی کم کردیتی ہے تو پی ٹی آئی کیلئے اپنے سیاسی بیانیہ کے ساتھ دس مہینے مقبولیت برقرار رکھنا کافی مشکل ہوگا۔