امریکا اور نیٹو یوکرین تنازع میں براہِ راست ملوث، جوہری جنگ کا خطرہ ہے، روس

December 02, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا ہے کہ یوکرین تنازع میں امریکا اور نیٹو براہِ راست ملوث ہیں اور مغرب کی کوشش ہے کہ کسی طرح روس کو مکمل طور پر تباہ کر دیا جائے۔ جمعرات کو میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں نے کھل کر اس بات کا اظہار کیا ہے کہ وہ صرف روس کی شکست نہیں چاہتے بلکہ اسے مکمل طور پر تباہ بھی کرنا چاہتے ہیں، ساتھ ہی اس بات پر بھی بحث ہو چکی ہے کہ روس کو توڑ کر اس کے کس حصے پر کون قبضہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک یوکرین کو نہ صرف ہتھیار فراہم کر رہے ہیں بلکہ ان کا بنیادی مقصد روسیوں کو ہلاک کرنا بھی ہے، ساتھ میں وہ برطانیہ، جرمنی اور اٹلی جیسے ملکوں میں یوکرینی فوج کی تربیت بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی تربیت کار یوکرین میں موجود ہیں اور وہ یوکرینی فوج کو سکھا رہے ہیں کہ وہ اسلحہ کس طرح استعمال کیا جائے جسے وہ فراہم کر رہے ہیں۔