قرآن مجید کے لازمی قواعد 2021سمیت متعدد فیصلوں کی منظوری

December 02, 2022

لاہور ( اپنے نامہ نگار سے) صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امور قانون سازی کے اجلاس میں سکولوں میں قرآن مجید کی لازمی تعلیم کے قواعد 2021 سمیت متعدد فیصلوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر قانون خرم شہزاد ورک، غضنفر عباس چھینہ اوردیگر نے بھیشرکت کی۔ بشارت راجہ نے کہا کہ سکولوں میں زیر تعلیم مسلم طالبعلموں کو تلاوت کے ساتھ تجوید کی بھی تعلیم دی جائے گی۔ اجلاس نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور آرڈیننس میں ترمیم، پنجاب انرجی ایفی شینسی اینڈ کنزرویشن ایجنسی کیلئے قانون سازی اور سرکاری بجلی ساز کمپنیوں کیلئے چیئرمین پی اینڈ ڈی یا ان کے نمائندے کی بطور ممبر نامزدگی کی اصولی منظوری کے علاوہ پناہ گاہ اتھارٹی پنجاب کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری بھی دی ۔ کابینہ کمیٹی نے پنجاب پاور ڈویلپمنٹ بورڈ کے لئے ارکان پنجاب اسمبلی محمد غازین عباسی، راجہ یاور کمال، سعدیہ سہیل رانا اور سائرہ رضا کو بطور ممبر نامزد کیا اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے ریویو بورڈ کے لئے غالب علی بندیشہ کو ممبر لگانے کی منظوری دی۔ اجلاس میں فیصل آباد میں کسٹمز کو فروخت کی گئی 15 کنال اراضی کی نیلامی کابینہ کی منظوری سے مشروط کی گئی۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ وفاقی پرائیویٹائزیشن کمیشن کو منظوری کے لئے پنجاب حکومت کو نیلامی کی رقم میں سے 50 فیصد حصہ بطور کنڈونیشن فیس ادا کرنا پڑے گا تاہم کنڈونیشن فیس کا حتمی تعین پنجاب کابینہ کرے گی۔ اجلاس نے پنجاب ٹیکسٹ بکس اینڈ سپلیمنٹری لرننگ میٹریل پالیسی اور چلڈرن لائبریری کمپلیکس کے قواعد و ضوابط کی تشکیل کی منظوری دے دی۔ پنجاب پروٹیکٹڈ ایریاز ایکٹ کے تحت محکمہ جنگلات کے 8 مقامات کو نیشنل پارکس قرار دینے کی منظوری دیتے ہوئے صوبائی وزیر محمد بشارت راجہ نے سیکرٹری فاریسٹ کو ہدایت کی کہ پیچیدگیوں سے بچنے کے لئے رہائشی کالونیوں سے ملحق فاریسٹ لینڈ کی پیشگی حدبندی کی جائے۔ پنجاب کے سرکاری پاور پراجیکٹس کے ٹیرف پر نظرثانی کیلئے نیپرا سے رجوع کرنے فیصلہ کیاگیا اجلاس میں واہ فیکٹری بم دھماکے میں شہید ہونے والے ورکرز کے ورثا کو فلیٹس الاٹ کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔