لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) نارتھ زون کے 61ویں سالانہ اجلاس اور نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری منعقد کی گئی۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا اس موقع پر خواجہ شاہذیب اکرم اور پی پی ایم اے کی لیڈرشپ بھی موجود تھی۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے سابق چیئرمین عثمان شوکت کی فارماسیوٹیکل صنعت کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ فارماسیوٹیکل انڈسٹری کی ترقی سے ملکی معیشت مضبوط ہوگی فارماسیوٹیکل شعبہ ملکی صنعت ہے اور حکومت اس کی ترقی اور فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حالات مشکل ضرور ہیں مگر مایوس کن نہیں۔ فارماسیوٹیکل انڈسٹری ملکی معیشت کا اہم حصہ ہے، اس صنعت کی ترقی سے زرمبادلہ میں اضافہ اور ملکی معیشت کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔