لاہور(خبرنگار)اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ مکہ اتحاد اور پوری امت مسلمہ کی ریڈ لائن حرمین الشریفین ہیں۔ جس کو حوثی باغی کراس کر رہے ہیں۔ان کی یہ بے ادبی اور گستاخی روئے زمین کے تمام مسلمانوں کے لئے ناقابل برداشت ہے۔ وہ مرکز توحید و سنت جامعہ عمر بن عبدالعزیز گلبرگ میں تحفظ حرمین الشریفین کے لئے نوجوانوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ تحفظ حرمین الشریفین کے لئے ہم مکمل طور پر مکہ اتحاد، حکومت پاکستان اور افواج پاکستان کے ساتھ ہیں اور ہم مکہ اتحاد کے سربراہان محمد بن سلمان، میاں محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور رجب طیب اردگان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی طرف مزائل بھیجنے والے گستاخ اور بے ادب حوثیوں کو مزید کوئی ڈھیل یا وقت دینے کی بجائے فوری طور پر صفِ ہستی سے مٹا دینا چاہیے۔