انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی سے متعلق اجلاس، انتظامات کا جائزہ

December 03, 2022

لاہور ( اپنے نامہ نگار سے) صوبائی وزیر پارلیمانی امور و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ پنجاب کے دورے پر آئی انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے لئے طے شدہ سکیورٹی انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ روٹ مکمل کلیئر ہونے تک انگلینڈ ٹیم کی موومنٹ ہرگز نہیں ہونی چاہیے۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں لا اینڈ آرڈر کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ منیب سلطان چیمہ، چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل اور متعلقہ اضلاع کے سنیئر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے لئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری (اے سی ایس) ہوم پنجاب کیپٹن (ر) اسداللہ نے کمیٹی کو سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی۔ اے سی ایس ہوم پنجاب کیپٹن (ر) اسداللہ نے ہدایت کی کہ پولیس خفیہ ایجنسیوں کی طرف سے جاری الرٹس کو ہر صورت مدنظر رکھے۔ کابینہ کمیٹی نے راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں پولیس سٹیشن کے قیام کیلئے 50 ملین روپے فنڈز کی بھی منظوری دی۔