خیبرپختونخوا، پولیس کو شرپسندوں کیخلاف انٹیلی جنس کارروائیاں مزید نتیجہ خیز بنانے کی ہدایت

December 04, 2022

پشاور (جنگ نیوز) سر براہ کے پی پولیس معظم جاہ انصاری نے صوبہ بھر کے اعلیٰ پولیس حکام کو شرپسندوں کیخلاف انٹیلی جنس کارروائیا ں مزید نتیجہ خیز بنا نےکی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران اپنے پیشہ ورانہ فرائض عبادت سمجھ کر ادا کریں ،امن و امان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی ٹیموں کو پوری تیاری کے ساتھ فرنٹ سے لیڈ کریں۔ یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس پشاور سے صوبہ بھر کے ریجنل پولیس افسروں اور ضلعی پولیس افسروں کے ساتھ ویڈیو لنک کانفرنس کرتے ہوئے جاری کیں۔ ایڈیشنل آئی جی پیز انوسٹی گیشن، ہیڈ کوارٹرز، چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور، ڈی آئی جی آپریشنز، کمانڈنٹ ایف آر پی، ایس ایس پی آپریشنز پشاور، ایس پی سپیشل برانچ ، ایس پی سی ٹی ڈی اور ڈپٹی کمانڈنٹ ایلیٹ فورس بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ صوبہ بھر کے ریجنل پولیس آفیسرز اور ضلعی پولیس آفیسرزاپنے اپنے ریجن اور اضلاع سے ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس میں شریک ہوئے۔پولیس سربراہ نے کہا کہ شرپسندوں کے خلاف جاری کاروائی کے تناظر میں کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھر پور تیاری کے ساتھ ہر چیز کا کانٹیجنسی پلان تیار کرلیں اور ان کے ہر حربے اور مذموم عزائم کو آہنی ہاتھوں سے ناکام بنادیں۔کانفرنس کے شرکاء کو مزید ہدایت کی گئی کہ وہ صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری پولیو مہم کے دوران پولیو کی ٹیموں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کریں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں بھر پور جوابی کاروائی کو ہر حال اور ہر قیمت پر یقینی بنائیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ صوبے میں امن و آمان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور جو عناصر اس میں خلل ڈالنے کی کوشش کرینگے ان کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ آئی جی پی نے شرکاء کو مزید ہدایت کی کہ وہ شرپسندوں کے خلاف انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر اپنی کاروائیوں کو مزید نتیجہ خیز بنائیں اور اس مقصد کے لیے ضلعی پولیس افسران اپنے اپنے اضلاع میں سی ٹی ڈی کے ساتھ ملکر کاروائیاں عمل میں لائیں۔ آئی جی پی نے ضلعی پولیس افسروں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ خود بھی فیلڈ میں نکل کر امن و امان کے قیام کے لیے مصروف پولیس اہلکاروں کی نگرانی کریں اور جہاں ضرورت ہو پولیس کی ٹیموں کو خود فرنٹ سے لیڈ کریں اور عوا م کا بھر پور اعتماد حاصل کرکے شرپسندوں کو دندان شکن شکست سے دوچار کریں۔ انہیں اشتہاری مجرموں کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کرنے، تمام داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں لگوانے، افرادی قوت کے بہترین استعمال کرنے اور چیک پوسٹوں کے دورے کرکے ان پر سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی گئی۔ آئی جی پی نے صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف قائم کی گئی نیٹ ٹیموں کو مزید موثر اور فعال بنانے اور صوبے کو منشیات کی لعنت سے ہر قیمت پر پاک کرنے کی بھی ہدایت کی۔ آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے ہر مشکل گھڑی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور اس یقین کا اظہار کیاکہ وہ اپنی انفرادیت کو برقرار رکھتے ہوئے آئندہ بھی عوام کی وابستہ توقعات پر پورا اْترینگے۔