جڑواں شہروں میں لڑائی جھگڑوں کے واقعات، 6 افراد زخمی

December 04, 2022

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)جڑواں شہروں میں لڑائی جھگڑے کے واقعات میں6افراد زخمی ہوگئے۔ تھانہ رتہ امرال کو بابر مسیح نے بتایا کہ میں اپنے گھر موجود تھا کہ دروازے پر دستک ہوئی میں گھر سے باہر آیا تو دیکھا کہ مرادجو چوکی محلہ کا رہائشی ہے اس کے ساتھ چارپانچ بندے بھی تھے جنہوں نے مجھے گریبان سے پکڑلیا اور کہا کہ تم کو مزہ چکھاتا ہوں اور تیز دھار آلے سے دو تین وار میری گردن پر بائیں جانب کئے جس سے میں زخمی ہو کر گر گیا ۔ میں نے شور واویلا کیا جس پر مراد اپنے ساتھیوں سمیت بھاگ گیا۔ تھانہ نیلورکو محمدتاثیرنے بتایا کہ ملزم احسان کے ساتھ کسی بات پر تکرا ر ہوئی تو احسان ہمراہ اپنے چچا وحید اور بھائی اظہر کے مسلح ہوکر دربار بابا کریم بخش میرے پیچھے آئے اور فائرنگ شروع کردی جس سے ایک فائر میرے پیٹ میں لگا ۔ فائر کی آوا ز سن کر میرے والد اور میرے بھائی میرے پاس آگئے تو ملزمان موقع سے فرا ر ہوگئے ۔ تھانہ روات کو سمن رانی نے بتایا کہ میری بہن راحیلہ شاہین منکیالہ میں کرایہ کے مکان میں رہائش پذیر ہے جس کاشوہر عبدالرحمن بیمار تھا جس کو وہ مندرہ ہسپتال لیکر آئی تھی جو فوت ہوگیا، میری بہن اپنے خاوند کی میت لیکر میرے ساتھ مانکیالہ آئی ہم دونوں جوں ہی میت لیکر منکیالہ اپنے گھر پہنچے تو میری بہن کے دیوروں ابرار، رجب اور نذیرآگئے۔ ابرار مسلح چھری تھا جبکہ باقی دونوں خالی ہاتھ تھے ۔ابرار نے آتے ہی چھری کا وار کیا جو میری بہن کے بائیں کندھے پر لگا جس سے خون جاری ہو گیا اور وہ گر گئی گری ہوئی کو رجب، اور نذیر نے لاتوں مکوں سے زود کوب کیا جس سے میری بہن کے کپڑے بھی پھٹ گئے میرے شور کرنے پر ملزمان جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے چلے گئے۔تھانہ روات کو عجب خان نے بتایاکہ میں اور کمال اپنی بھیڑ بکریوں کا ریوڑ لے کر جنگل کی جانب جا رہے تھے جب صاحب دین کے ڈیرے کے قریب پہنچے تو اچانک صاحب دین اور حضرت راستے میں آگئے ، جمعہدین ولد سویئے خان بھی آگیا اور مجھے کہا کہ بکریاں وغیرہ واپس لے جاؤ، جب ہمارے درمیان تکرار شروع ہوئی تو صاحب دین نے وار ڈنڈا میرے سر پر کیا جس سے میں زخمی ہو گیا،دوسرا وار ڈنڈا جمعہدین نے میرے بائیں بازو پر کیا حضرت نے وار ڈنڈا کمال پر کیا جو اُس کے بائیں ٹانگ پر لگا ہم دونوں زخمی ہو ئے ،تھانہ چکری کو عبدالاویس نے بتایاکہ میں اپنے دیگر ساتھیوں دانش وغیرہ کے ساتھ اپنی رہائش گاہ میں موجود تھاکہ اسی اثناء میں میاں وسیم کے رقبے سے دس بارہ نامعلوم آدمی ہمارے ڈیرے کی طرف آئے۔ اسی اثناء میں ہمارے ڈیرے کے قریب ایک سفید ڈالہ جس کی پچھلی سیٹ سے میاں عبد الرحمان ،وسیم مسلح کلاشنکوف ڈرائیونگ سیٹ سے میاں محمد رمضان ولد قاری محمد علی مسلح کلاشنکوف اور پچھلی سیٹ سے اشتیاق مسلح پسٹل 30 بور اترے ۔ آتے ہی میاں عبد الرحمان نے کہا ان سب کو جان سے ماردو سب نے مل کر اپنے اپنے اسلحہ سے ہمارے ڈیرے کی طرف فائرنگ شروع کر دی ہم سب اپنی جان بچانے کی خاطر قریب کھڑ ی مشینری کی طرف بھاگ کر چھپ رہے تھے کہ اسی اثنا ء محمد رمضان ولد قاری محمد علی نے فائر کیا جو میری بائیں ٹانگ پر لگا جس سے میں زخمی ہو کر گر پڑا۔