راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے)صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان نے پیر ودھائی جنرل بس سٹینڈ راولپنڈی کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے عید پر گھر جانے والے مسافروں سے سفری کرایوں کے بارے میں دریافت کیا۔ صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مختلف شہروں کا دورہ کر کے عوام کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لے رہا ہوں۔ عید الفطر کے موقع پر کسی کو سفری کرایوں کی مد میں لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس حوالے سے انتظامیہ زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اضافی کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے سفری کرایے ناموں کو فرنٹ سکرین پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل سنے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔