سماجی مسائل پر جامعات کے کردار کو مزید بہتر کرنا ہے، چیئرمین ایچ ای سی

December 05, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر ایس ایم طارق رفیع نے کہا کہ ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کی سربراہی میں داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کی ترقی دیکھ کر خوشی ہورہی ہے ، سندھ ایچ ای سی کاکام صرف جامعات کی نگرانی کرنا نہیں بلکہ معاشرتی اور سماجی نوعیت کے مسائل پر جامعات کے کردار کو مزید بہتر کرنا ہے ، کانفرنس کا موضوع بہت اچھا اور وقت کے لحاظ سے بالکل درست ہے ، امید ہے کانفرنس سے اچھی اور بہترین تجاویز سامنے آئیں گی، سندھ کے وزیر محنت و افراد قوت سعید غنی نے کہا کہ سندھ کی بڑھتی آبادی مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھنا ہوگا، ہمیں کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے سب کو آن بورڈلینا چاہئے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں ’سندھ کی آبادیاتی تبدیلی کی نوعیت ، سماجی اور معاشرتی اثرات‘ کے موضوع پر ایک روزہ قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر ایس ایم طارق رفیع تھے۔ جس کے بعد 3تکنیکی سیشن ہوئے جس میں فن تعمیرات کے ماہرین اور فیکلٹی ارکان نے آبادی کے حوالے سے معلوماتی تبادلہ خیال کیا اور حکومت کو تجاویز پیش کیں۔ کانفرنس کے اختتامی سیشن میں سندھ کے وزیر برائے محنت و افراد قوت سعید غنی مہمان خصوصی تھے۔ کانفرنس سے اپنے افتتاحی خطاب میں وائس چانسلر داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا کہ آبادی کا مسئلہ بڑا ہے جس کیلئے وسائل کی فراوانی بہت ضروری ہے ، داؤد انجینئرنگ میں 2013ء کے بعد سے تواتر کے ساتھ نیشنل اور انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد اور اس کی پیش کردہ تجاویز پر عمل یونیورسٹی کے استحکام اور ترقی کی علامت بن گئی ہے ۔ افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر ایس ایم طارق رفیع نے کہا کہ ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کی سربراہی میں داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کی ترقی دیکھ کر خوشی ہورہی ہے ، سندھ ایچ ای سی کاکام صرف جامعات کی نگرانی کرنا نہیں بلکہ معاشرتی اور سماجی نوعیت کے مسائل پر جامعات کے کردار کو مزید بہتر کرنا ہے ۔