آزاد کشمیر میں بلدیاتی ا نتخابات پی ٹی آئی کی حکومت کارنامہ ہے، منور چیچی

December 07, 2022

سلاؤ (اورنگزیب چوہدری ) تحریک انصاف کی حکومت نے آزاد کشمیر میں منصفانہ اور شفاف بلدیاتی الیکشن کرا کر تاریخ رقم کی ہے، آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتحابات کے تیسرے مرحلے میں میرپور ڈویژن میں تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف آزاد کشمیر کے رہنما سابق کونسلر سلاؤ چوہدری منور چیچی نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا میرپور ڈویژن میں آٹھ دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتحابات میں الیکشن مہم میں حصہ لینے کے لیے اوورسیز کشمیریوں کی بہت بڑی تعداد آزاد کشمیر پہنچ چکی ہے۔ انتحابات کو پرامن صاف و شفاف بنانے کے لیے آزاد کشمیر حکومت کے تمام اداروں کا مثبت کردار قابل تعریف ہے۔ امید ہے میرپور ڈویژن کے انتحابات بھی پرامن ہوں گے۔ چوہدری منور چیچی نے کہا تحریک انصاف کشمیریوں کی نمائندہ جماعت ہے، کشمیری تحریک انصاف کے ساتھ ہیں، دونوں اطراف کے کشمیریوں سیمت اوورسیز کشمیری سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بیانیہ کی مکمل حمایت کرتے ہیں، عمران خان اس وقت پاکستان کے مقبول ترین رہنما ہیں، انہوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر پاکستان کے عوام کے ساتھ اپنی وفا نبھائی، پاکستان کے موجودہ سیاسی حالات پر اوورسیز پاکستانیوں کشمیریوں کو سخت تشویش ہے، حالات اور وقت کا تقاضا ہے کہ پاکستان میں جلد سے جلد عام انتحابات کا اعلان کیا جائے۔