کینیڈا کا مستقل رہائش والوں کوفوج میں ملازمت دینے کا فیصلہ

December 07, 2022

ٹورانٹو( نیوز ڈیسک) کینیڈا کی وزارت دفاع نے ملک کے شہریوں کے علاوہ اب مستقل رہائش رکھنے والے افرادکیلئے بھی اپنی فوج میں ملازمتوں کے دروازے کھول دیئے ہیں۔ کینیڈین فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر آپ مستقل رہائشی ہیں تو ہم آپ کے ساتھ کام کرکے آپ کے لیے صحیح کیریئر کا انتخاب کرکے آپ کی رہنمائی کرنا چاہیں گے تاکہ آپ بھی ملک کی خدمت کر سکیں۔اس حوالے سے کینیڈا کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ ملک میں رہنے والے مستقل رہائشی افراد کینیڈا کا ایک اہم اور بہترین حصہ ہیں، اسی لیے وزیر دفاع انیتا آنند نے اعلان کیا ہے کہ کینیڈا میں مقیم مستقل رہائشی اب کینیڈین فوج میں بھرتی ہوسکتے ہیں۔کینیڈا کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ کسی اور ملک کے شہری جن کے پاس امیگریشن اور رفیوجی پروٹیکشن ایکشن ایکٹ کے تحت کینیڈا میں مستقل رہائش موجود ہے وہ افواج میں ملازمت کے اہل ہوں گے۔خیال رہے ابھی بھی کینیڈا میں دیگر ممالک کے افراد کو افواج میں ملازمتیں دی جاتی ہیں لیکن اس کا دائرہ صرف تربیت یافتہ پائلٹس، لوجسٹک افسران اور دیگر باصلاحیت پیشہ ور افراد تک محدود تھا۔اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ کینیڈا اپنی افواج میں خدمات سرانجام دینے والے افراد کو ملک کی شہریت دلوانے میں بھی ان کی مدد کرتا ہے اور ایسے افراد جو فوجی کیریئر کا انتخاب کرتے ہیں انہیں کینیڈا کی شہریت دینے میں فوقیت دی جاتی ہے۔اس حوالے سے کینیڈا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل وین ایئرے کا کہنا ہے کہ مستقبل کے بڑھتے ہوئے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے کینیڈا کی افواج کو نئے افراد بھرتی، ان کو تربیت دینے اور باصلاحیت افراد کا استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں مقیم مستقل رہائشی افراد ان باصلاحیت افراد کا حصہ ہیں جو اپنے جوش، تجربات اور معلومات کی بنیاد پر کینیڈا کی افواج کے لیے اثاثہ ثابت ہوں گے۔