برازیل کی فتح کا جشن قطر سے ریوڈی جنیرو تک منایا گیا

December 07, 2022

دو حا (جنگ نیوز) فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں پیر کی شب ٹورنامنٹ فیوریٹ برازیل نے بڑے بڑوں ہرانے والی جنوبی کوریا کی ٹیم کو 1-4 سے چاروں خانے چت کیا۔ فاتح ٹیم کے کھلاڑی رقص کرتے اور مداحوں سے داد وصول کرتے ہوئے اسٹیڈیم 974سے روانہ ہوئے۔ یہ جشن یہی نہیں رکا بلکہ اس رقص کی لہریںسات سمندر پار برازیل تک پہنچیں اور ریوڈی جنیرو سمیت پورا برازیل مشہور سامبا موسیقی پر رقصاں ہوگیا ۔ برازیل نے جنوبی کوریا کے خلاف شاندار ٹیم گیم پیش کرتے ہوئے ونیئس جونیئر ،کپتان نیمار، چالسن اور لیوکس یکینا کے ذریعہ حیران کن گول کئے ۔ برازیل کے چاروں گول ابتدائی 36منٹوں میں ہی ہوگئے ۔ لیکن 76ویں منٹ میں جنوبی کوریا کا 20گز کے فاصلے سے گول بھی قابل دید رہا ۔ بہرحال اس میچ سے شائقین کو وہ کھیل دیکھنے کو ملا جس کی یاد یں ان کے لئے مدتوں تازہ رہیں گی۔