کراچی (اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش کر کٹ بورڈ نے آئی سی سی کے فیصلے کیخلاف آئی سی سی کی تنازعات حل کرنے والی کمیٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے بھارت سے ٹی 20 ورلڈ کپ میچز کی میزبانی کا فیصلہ واپس لے۔ تاہم بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ درخواست مسترد ہوگئی ہے، آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کا باضابطہ اعلان ہفتے تک کردے گی ۔ بی سی بی نے ورلڈکہ میچز منتقل کرنے کی درخواست کی ہے ۔ بنگلہ دیش کے میڈیا کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش بورڈ معاملہ کھیلوں کی عالمی عدالت میں لے جانے کا فیصلہ کررہا ہے۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا نے بنگلہ دیش کو ورلڈ کپ کے بائیکاٹ سے مالی نقصان سے ڈرانا شروع کردیا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے پر بنگلادیش کو 325 کروڑ ر کا نقصان ہوگا۔ بی سی بی کو سالانہ آمدن کے تقریباً 60 فیصد، براڈکاسٹ اور اسپانسر شپ کی مد میں ہونے والی آمدن سے بھی ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔ بائیکاٹ کے باعث بھارت کے خلاف مستقبل کی دو طرفہ سیریز بھی خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اس سال میں دوطرفہ سیریز بھی شیڈول ہیں۔ دریں اثناء بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے بھی آئی سی سی کے ٹی20 ورلڈ کپ میں بنگلادیش کی جگہ دوسری ٹیم کی شمولیت کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہمارے ساتھ ناانصافی ہوگی جس سے دنیا بھر میں آئی سی سی کی ساکھ کو بھی دھچکا لگے گا ، ہم ورلڈ کپ کھیلنا چاہتے ہیں، لیکن بھارت جانا محفوظ نہیں سمجھتے۔ جہاں مغربی بنگال میں جمعرات کو ایک بنگالی مسلمان کو بنگلہ دیش کی حمایت پر تشدد کر کے مار دیا گیا، جبکہ بھارتی انتہا پسند جماعت کا واضح پیغام ہے کہ بنگلہ دیش کو نہ بلایا جائے یہ ہمارے موقف کی تائید ہے جسے آئی سی سی نے تسلیم نہیں کیا۔