ہائیکورٹ، سوسائٹی کی زمین واگزار کرانے کیلئے گرینڈ آپریشن کا حکم

December 07, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اسکیم 33میں بجنور ہاؤسنگ سوسائٹی میں قبضے کے خلاف 12دسمبر سے گرینڈ آپریشن شروع کرنے اور کارروائی مکمل کرکے 16جنوری کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا، سوسائٹی کی زمین تاحال واگزار نہ کرانے پر عدالت برہم ہوگئی، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ رینجرز کی نفری کی عدم موجودگی کے باعث کارروائی نہیں ہوسکی، ڈی سی ایسٹ نے بتایا کہ 25ایکٹر زمین ہے، تجاوزات قائم ہوگئی تھیں، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ڈی سی کی ذمہ داری تھی کہ وہ ڈی جی رینجرز سے رابطہ کریں مگر انہوں نے نہیں کیا، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 20دن پہلے اجلاس ہوا تھا جس میں رینجرز کے ڈی ایس آر موجود تھے، جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے لکھا ہے بلدیاتی الیکشن کی تیاری میں آپ کی مصروفیات تھیں، ہمیں آپ کی الیکشن کی ذمہ داریوں سے کچھ لینا دینا نہیں ہے جو حکم عدالت دیتی ہے آپ اس پر عمل درآمد کے پابند ہیں، جسٹس ندیم اختر نے استفسار کیا کہ ہمیں ابھی آپریشن کی تاریخ بتائیں کب زمین خالی کرائیں گے؟ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ہمیں اجلاس کی مہلت دیں اجلاس میں طے کرلیں گے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ابھی آپ تاریخ دیں گے اسی وقت، ورنہ آپ یہاں سے نہیں جائیں گے، ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جو لوگ گھر بناکر بیٹھے ہیں انہیں بے دخل کرنے میں وقت لگے گا، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ خواتین اور بچوں کو استعمال کرنا ان کا سب سے بڑا ہتھیار ہوتا ہے، انہیں بہت وقت مل چکا ہے، جائیں کارروائی کریں اور تجاوزات ختم کریں، عدالت نے رینجرزاور دیگر اداروں کو مکمل تعاون کا بھی حکم دیا ہے۔