خیبر پختونخوا کو تھیلی سیمیا فری بنانے کے لئے مہم کا آغاز

December 07, 2022

پشاور(نمائندہ خصوصی)فرنٹیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کو تھیلی سیمیا فری صوبہ بنانے کے لئے پندرہ ٹیمیں تشکیل دے کر صوبے بھر میں خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ فرنٹیئر فاؤنڈیشن کے تین مراکز پشاورکوہاٹ اور سوات میں تھیلی سیمیا ہیموفیلیا اور خون کی دوسری بیماریوں کا شکار چار ہزارآٹھ سے سے زائد غریب بچے زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں جن کی جان بچانے اور ان کی زندگی کے سانس رواں دواں رکھنے کے لئے ان کا مفت علاج کیا جا رہا ہے۔ ہر پندرہ روز بعد خون بھی فراہم کیا جارہا ہے اور مفت ادویات بھی دی جا رہی ہیں تینوں مراکز میں زیر علاج غریب بچوں کے والدین کو مفت کھانا بھی فراہم کیا جارہا ہے جبکہ بلڈ کینسر کے مریضوں کے علاوہ سرکاری و غیر سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج ہزاروں مریضوں کی جان بچانے کے لئے انہیں مفت خون فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ غریب بچوں کی جان بچانا بہت بڑا کار خیر اور صدقہ جاریہ ہے۔ مخیر حضرات غریب بچوں کی جان بچانے کے لئے فرنٹیئر فاؤنڈیشن کی بڑھ چڑھ کر مالی مدد کر کے اور صدقات و عطیات کی رقم فرنٹیئر فاؤنڈیشن کودے کر غریب بچوں اور ان کے والدین کی دلی دعائیں حاصل کرنی چاہئیں۔