برطانیہ میں پراپرٹی کی قیمتیں گزشتہ دو برس کے دوران سب سے بڑی کمی کا شکار

December 08, 2022

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) ایک بلڈنگ سوسائٹی کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں نومبر کے مہینے میں پراپرٹی کی قیمتوں میں گزشتہ دو سال کے دوران سب سے بڑی ماہانہ کمی دیکھی گئی ہے کیونکہ بڑھتی ہوئی شرح سود نے خریداروں کی تعداد میں کمی کر دی ہے۔ اکتوبر میں قیمتوں میں ایک اعشاریہ چار فیصد کمی ہوئی جو جون 2020کے بعد ماہ بہ ماہ سب سے بڑی کمی ہے، قیمتوں میں اضافے کی شرح میں بھی تیزی سے کمی آئی جو اکتوبر میں 7.2فیصد سے گر کر 4.4فیصد رہ گئی ہے۔ نیشن وائیڈ بلانگ سوسائٹی کے مطابق ایک مکان کی اوسط قیمت اکتوبر کے 268282سے کم ہو کر 263788 رہ گئی ہے، ہاؤسنگ سیکٹر کے متاثر ہونے کی ایک بڑی وجہ ستمبر کا منی بجٹ بھی تھا جس سے نہ صرف مارگیج میں اضافہ ہوا بلکہ قرض دینے والے اداروں نے مارکیٹ سے اپنی کئی پراڈکٹس کو معطل کردیا۔ نیشن وائیڈ بلانگ سوسائٹی کے مسٹر گارڈنر نے کہا کہ افرط زر کی وجہ سے مارکیٹ ابھی کچھ عرصے کے لئے دباؤ میں رہنے کا امکان ہے لیکن ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مارکیٹ میں کسی حد تک بہتری کے اشارے بھی موجود ہیں، بنک آف انگلینڈ کے مطابق اکتوبر میں منظورشدہ قرضوں کی تعداد جون 2020 کے بعد کم ترین سطح پر رہی، ماہرین کا کہنا ہے کہ اگلے دو برس میں پراپرٹی کی قیمتیں 9فیصد تک گر سکتی ہیں۔