شہنشاہ برطانیہ چارلس سوم کا دورہ لوٹن، سوسن لوساڈا اور سمیرا سلیم نے استقبال کیا

December 08, 2022

لوٹن ( شہزاد علی/اسرار راجہ) شہنشاہ برطانیہ چارلس سوم نے لوٹن کا دورہ کیا،یہ ٹاؤن ہال میں ان کا پہلا پڑاؤ تھا، بیڈ فورڈ شائر کی لارڈ لیفٹیننٹ مسز سوسن لوساڈا اور لوٹن کی میئر کونسلر سمیرا سلیم نے ان کا استقبال کیا۔ٹاؤن ہال کے باہر ہز میجسٹی کو مقامی گروپس اور عوام کے اراکین سے ملنے کا موقع ملا، جن میں گھانا سوسائٹی، رائل برٹش لیجن، لوٹن ٹاؤن فٹ بال اکیڈمی، سابق فوجیوں اور کیڈٹس کے نمائندے شامل تھے۔ انہوں نے اس موقع پر لوٹن کونسل کے نمائندوں سے ملاقات کی اور رضاکارانہ اور کمیونٹی تنظیموں کی ایک رینج کے مدعو مہمانوں سے ملنے جانے سے پہلے مہمانوں کی کتاب پر دستخط کئے، ٹاؤن ہال کے اندر لارڈ قربان حسین، ممبران پارلیمنٹ سارہ اووین ، ریچل ہوپکنز، کونسل لیڈر ہیزل سمنز، لوٹن انٹر فیتھ کے پروفیسر راجہ ظفر خان، تعلیمی اور سماجی شخصیت سفیان صدیق سمیت اہم شخصیات موجود تھیں ۔ لوٹن کونسل کے دورہ کے بعد شہنشاہ چارلس سوم نے نئے تعمیر شدہ گرو نانک گوردوارے کا دورہ بھی کیا اور بعد میں لوٹن ڈارٹ کا دورہ کیا جہاں پر ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسل راجہ محمد اسلم خان نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر کونسلر جویریہ بھی موجود تھیں۔ لوٹن میں بادشاہ نے مسلم ایشیائی نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ کنگ چارلس سے مصافحہ کرنے والوں میں امام قاضی عبدالعزیز چشتی ، سابق میئر راجہ سلیم ، سابق میئر نسیم ایوب اور کونسلرخدیجہ ملک شامل تھیں۔ میئر آف لوٹن نے انہیں میئر پارلر میں خوش آمدید کیا اور مہمانوں کی کتاب ان کے پیغام کے لیےپیش کی ۔ڈپٹی لیڈر آف کونسل راجہ اسلم خان نے لوٹن ٹاؤن ہال کے علاوہ لوٹن ڈارٹ اور لندن، لوٹن ائر پورٹ پر کنگ کےساتھ رہے اور مختلف پراجیکٹ پر بریفنگ دی ۔ ہز میجسٹی دی کنگ نے لوٹن ڈارٹ پارک وے سٹیشن کا بھی دورہ کیا، نئے کیبل سے تیار کردہ ماس پیسنجر ٹرانزٹ سسٹم کے بارے میں اگاہی حاصل کی جو Luton Airport Parkway Rail Station کو لندن Luton Airport سےصرف تین منٹ میں جوڑ دے گا۔ اس نے ایسے اپرنٹس سے ملاقات کی جنہوں نے DART کے رضاکارانہ طور پر کمیونٹی تنظیموں پر کام کیا جنہوں نے کونسل کی ہوائی اڈے کی کمپنی Luton Rising سے فنڈز حاصل کیے ہیں۔ ڈارٹ پر کنگ نے سفر بھی کیا اور لندن لوٹن ہوائی اڈے کے کارکنوں سے ملاقات کی جن میں ویکسی نیشن رضاکار اور یوکرین ویلکم ہب ٹیم بھی شامل تھی۔ DART نہ صرف لندن لوٹن ہوائی اڈے تک اور اس سے سفر کو تیز تر اور ہموار بناتا ہے بلکہ اس سے زیادہ مسافروں کی ٹریفک کو سڑک کی بجائے ریل کی طرف راغب کرنے میں مدد کرکے ایک اہم ماحولیاتی فائدہ ہوگا۔ لوٹن پولیس کے مطابق ایک 20 سالہ فرد کو مبینہ طور پر بادشاہ پر انڈے پھینکنے کے شبہ میں حراست میں لیا گیا ہے، یہ ایک بڑا ایونٹ تھا جس میں ہزاروں افراد عزت ماب بادشاہ چارلس اور ان کی اہلیہ کمیلا کو دیکھنے کے لئے لوٹن میں آگئے تھے سیکورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے تھے شہر کی کئی سڑکیں بند کردی گئی تھیں۔