لوگوں نے تازہ فوڈ کے بجائے سستے فروزن فوڈ خریدنا شروع کردیئے

December 08, 2022

لندن (پی اے) ٹیسکو کے سربراہ کین مرفی کا کہنا ہے کہ لوگوں نے اخراجات زندگی میں اضافے کے بعد اب تازہ فوڈ کے بجائے سستے فروزن فوڈ خریدنا شروع کردیئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ بہت سے لوگ اب مہنگے ریڈ میٹ کے بجائے پروٹین حاصل کرنے کیلئے وائٹ میٹ خرید رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اب لوگ شرمندگی سے بچنے کیلئے شاپنگ سے قبل کئی مرتبہ بارکوڈ اسکین کرتے ہیں۔ بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فوڈ آئٹمز کی قیمتیں گزشتہ 45سال کے مقابلے میں تیز ترین شرح سے بڑھ رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اب لوگ زیادہ سختی سے اپنے بجٹ کو کنٹرول کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور سستی اشیا خرید رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہاتھوں میں موجود بار کوڈ سے لوگوں کو مخصوص بجٹ تک محدود رہنے میں مدد ملتی ہے اور آخر میں شرمساری کے بجائے خرید کردہ اشیا کی مجموعی قیمت پر نظر رکھنے میں مدد ملتی ہے، ہاتھوں میں موجود بارکوڈ سے لوگوں کو مخصوص بجٹ میں رہنے کا موقع ملتا ہے اور لی گئی گروسری کی مجموعی قیمت معلوم کرنے کیلئے انتظار نہیں کرنا پڑتا۔ انھوں نے کہا کہ اس سال 2019کے مقابلے میں دگنی مقدار میں فروزن ٹرکی فروخت کی ہیں، کیونکہ لوگ اب اپنے اخراجات میں کمی کررہے ہیں اور ٹیسکو کی ویب سائٹ پر فروزن فوڈ کے سرچ میں 40فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت برطانیہ اتھل پتھل اور تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے اور لوگ زندگی گزارنے کے بارے میں پریشان ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ لوگ اس سال بھی کرسمس شاندار طریقے سے منانے کا عزم رکھتے ہیں کیونکہ اس سال کورونا کی پابندیوں کے بعد یہ پہلا تہوار ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ لوگ ابھی سے کرسمس کی شاپنگ کر رہے ہیں اور لوگ کم خرچ کرنے کیلئے نسبتاً کم قیمت کے تحفے خرید رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سرکاری اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ فوڈ کی قیمتوں میں افراط زر اس سال اکتوبر میں 16.2 فیصد تھا۔ انھوں نے کہا کہ قومی شماریات دفتر کے مطابق اکتوبر میں دودھ، پاستا، مارجرین، انڈوں اور اناج کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ بجلی اور گیس کے بلز نے لوگوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ اس سوال پر کہ فوڈ کی قیمتوں میں اضافہ کب کم ہونا شروع ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اس کا انحصار متعدد عوامل پر ہے۔ انھوں نے کہا کہ توانائی کا عالمی بحران فوڈ کی قیمتوں اضافے کا بڑا سبب ہے۔ اس کے علاوہ کورونا کے دوران اشیا کے ختم ہوجانے اور امریکی ڈالر کے مقابلے میں پونڈ کے کمزور ہونے کے بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ ٹیسکو نے سٹاک کلیئر کرنے کیلئے اوورہال کیا ہے، جس میں فوڈ کی اشیا بھی شامل ہیں۔ سپر مارکیٹ نے برطانیہ کے سٹورز پر فوڈ کلیکشن شروع کیا ہے اور کسٹمرز کو فوڈ بینک کی ضرورت کی اشیا خریدنے کی ترغیب دے رہا ہے۔