چین کے بازاروں میں منفی کورونا ٹیسٹ کی شرح ختم

December 08, 2022

بیجنگ (نیوز ڈیسک) چینی حکومت نے بازاروں اور دفاتر میں منفی کورونا ٹیسٹ دکھانے کی شرط ختم کردی۔ خبررساں اداروں کے مطابق چین میں صفر کورونا پالیسی میں نرمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں بیجنگ حکومت نے نئے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے سپرمارکیٹوں اور دفاتر میں داخلے کے لیے منفی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ دکھانے کی شرط کالعدم کردی ہے۔ اس کے علاوہ بیجنگ انٹرنیشنل ائرپورٹ کے ٹرمینل میں داخلے کے لیے منفی کورونا ٹیسٹ کی شرط بھی ختم کر دی گئی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق چین بھر میں چند روز کے دوران کورونا پابندیوں میں نرمی سے متعلق مزید 10نئے اقدامات کا اعلان متوقع ہے۔ واضح رہے کہ چین میں گزشتہ دنوں صفر کورونا پالیسی کے خلاف کئی شہروں میں مظاہرے کیے گئے تھے۔ حکومت کی جانب سے ابتدا میں مظاہرین پر سختی سے قابو پانے کی کوشش کی گئی،تاہم اس کے بعد حکومت نے نرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن سمیت دیگر پابندیوں میں نرمی کردی۔ دوسری جانب چین میں یومیہ کورونا کیسوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 28 ہزار کیس رپورٹ ہوئے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی چین میں کورونا کیسوں میں اضافے کے باعث حکومت نے اپنے تجارتی شہر شنگھائی میں ڈھائی ماہ طویل لاک ڈاؤن نافذ کردیا تھا،جس کے باعث ملک کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔