شہباز شریف اپنے رویئے میں تبدیلی لائیں، چوہدری محمد عظیم

December 08, 2022

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) کشمیر رابطہ کمیٹی کے سابق صدر اور مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما حاجی چوہدری محمد عظیم نے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے درمیان ہونے والی تکرار کو انتہائی مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں وزرائے اعظم حالات کی نزاکت کا احساس کرتے ہوئے اپنے اختلافات ختم کریں۔ چوہدری محمد عظیم نے کہا آزاد کشمیر انتہائی احساس خطہ ہے۔ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر پر زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے دورہ میر پور کو وزیر اعظم آزاد کشمیر اور صدر آزاد کشمیر کے نوٹس میں کیوں نہیں لائیں،چوہدری محمد عظیم نے کہا یہ تعجب کی بات ہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے منگلا تھرمل پاور پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس اور ان کے عملے کے ساتھ غیر اخلاقی رویہ اختیار کیا جو قابل مذمت ہے، اس معاملہ کی تحقیقات کی جائے ۔ چوہدری محمد عظیم نے وزیر اعظم پاکستان کے رویئے پر تنقید کرتے ہوئے میر پور کے عوام کی قربانیوں کا شکریہ تک ادا نہیں کیا جہنوں نے منگلا ڈیم کی تعمیر اور پاکستان کیلئے عظیم قربانیاں دیں، اپنے آباؤ اجداد کی قبروں کو منگلا ڈیم کی تعمیر کی نظر کردیا ۔ چوہدری محمد عظیم نے کہا پاکستان کی تعمیر وترقی میں کشمیر ی عوام کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ، انہوں نے کہا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کچھ لوگ دوریاں پیدا کرنا چاہتے ہیں ، انہوں نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے اسلام آباد میں کمرشل پلازہ کو بلا جواز بار بار بند کر نے کے اقدام پر نظر ثانی کریں، اس سے آزاد کشمیر کے عوام کے درمیان منفی و سیاسی انتقام کا تاثر لیا جارہا ہے جسے ختم ہونا چاہئے، آزاد کشمیر اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں ، عطا تارڑ جیسے افراد کوبھی قابو میں رکھا جائے۔