لندن: ایرانیوں کے مزاحمتی گروپ آفس پر آگ لگانے والے بم سے حملہ

December 08, 2022

لندن (پی اے) نارتھ ویسٹ لندن میں ایرانیوں کے مزاحمتی گروپ کے دفتر پر آگ لگانے والے بم سے حملہ کیا گیا ہے۔میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دہشت گردی سے متعلق واقعہ نہیں سمجھا جاتا لیکن افسران اس حملے کے مقاصد کے حوالے سے تمام پہلوؤں پر غور کر رہے ہیں۔ نیشنل کونسل آف ریزسٹنٹ آف ایران کا کہنا ہے کہ ایران کی پیپلز مجاہدین نامی تنظیم کے لوگوں پر پیر کی صبح یہ حملہ کیا گیا۔ PMOI ایران کا اپوزیشن گروپ ہونے کا دعویٰ کرتی ہے جو ایک آزاد، جمہوری، غیر ایٹمی اور پرامن ملک بنانے کے خواہاں ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق عمارت کے قریب آگ لگانے والا بم پھینکے جانے سے نچلی منزل پر کچرے کا شیڈ تباہ ہوگیا۔ میٹروپولیٹن پولیس کے نارتھ ویسٹ کمانڈ یونٹ کے تفتیشی سپرنٹنڈنٹ ٹونی بیلس کا کہنا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ اس حملے سے مقامی کمیونٹی میں تشویش پیدا ہوئی ہے اور ہم مقامی کمیونٹی گروپوں میں رابطے قائم رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ سی آئی ڈی کے نارتھ ویسٹ کمانڈ یونٹ کے تفتیش کار اس واقعے کی تفتیش کررہے ہیں اور افسران اس حملے کے مقاصد کے حوالے سے تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھ رہے ہیں۔ فی الوقت کسی ٹارگٹیڈ حملے کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور جائے وقوعہ اور ملحقہ مقام پر تنظیم کے دفتر کی موجودگی کی وجہ سے اسے دہشت گردی سے متعلق واقعہ تصور نہیں کیا جا رہا ہے، تاہم میٹروپولیٹن پولیس انسداد دہشت گردی کمانڈ کے اسپیشلسٹ افسران بھی تفتیش میں مدد کررہے ہیں۔ لندن فائر بریگیڈ کا کہنا ہے کہ صبح 2:15 بجے ٹیمپل روڈ کریکل روڈ پر آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی، 2:35 بجے آگ پر قابو پالیا گیا، آگ سے کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔