دودھ کی مقدار بڑھانے کیلئے پانی و کیمیکلز کی ملاوٹ جرم ہے، نعیم بازئی

December 08, 2022

کوئٹہ(خ ن)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی نے کہا ہے کہ دودھ کی مقدار اور گاڑھے پن میں اضافے کے لئے پانی ،کیمیکلز اور ملک پاؤڈر کی ملاوٹ سنگین جرم ہے۔عوام کو ملاوٹ سے پاک صحت بخش دودھ فراہم کرنے کے لئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی متحرک ہے اور ضمن میں قوانین کی خلاف ورزی پر ملاوٹ مافیاز کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جارہی ہیں۔درایں اثناء کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں ملک شاپس اور ہوٹلوں و جوس کارنرز کی انسپکشن کے دوران دودھ میں ملاوٹ اور معیار برقرار نہ رکھنے پر 8 ملک شاپس پر جرمانے عائد کردئیے گئے۔ ملک سیفٹی ٹیموں نے دودھ اور دہی کے معیار کی جانچ کیلئے رئیسانی روڈ ، قمبرانی روڈ ، کواری روڈ اور فقیر محمد روڈ میں متعدد مراکز (ملک شاپس ، ہوٹلز ، جوس کارنرز) سے دودھ کے نمونے لیکر موقع پر ٹیسٹ کئے ۔موبائل لیب کے ذریعے چیک کردہ سیمپلز میں سے 8 ملک شاپس کا دودھ ناقص و ملاوٹی ثابت ہوا ، بی ایف اے حکام کے مطابق جرمانہ کئے گئے مراکز کے دودھ میں پانی کی وافر مقدار اور خشک دودھ پایا گیا ، ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کا اس سلسلے میں مزید کہنا ہے کہ قدرتی اجزاء سے محروم دودھ انسانی جسم میں پیٹ، انتڑیوں اور معدے کی متعدد بیماریوں کا سبب بنتا ہے ، لہٰذا عوام سے گزارش ہے کہ دودھ کے معیار پر ہر گز سمجھوتہ نہ کریں اور گھروں میں استعمال کئے جانے والے دودھ کی کوالٹی چیک کرنے کیلئےبلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فری ملک ٹیسٹنگ سہولت سے مستفید ہوں اور گردونواح میں موجود ملاوٹ کرنے والے عناصر سے متعلق بی ایف اے کو اطلاع دیں تاکہ دودھ میں ملاوٹ کا مکمل خاتمہ ممکن ہوسکے ۔