پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کو شدید مالی بحران کا سامنا

December 09, 2022

اسلام آباد (مہتاب حیدر) دی نیوز کو معلوم ہوا ہے کہ پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی) کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے جیسا کہ اس نے وزارت خزانہ کو ایس او ایس (سیو آور سولز) یعنی مدد طلب کرنے کا پیغام بھیجا ہے تاکہ اس کی بندش کو روکنے کے لئے 4.42 ارب روپے کی اضافی فنڈنگ ​​فراہم کی جائے۔ حتیٰ کہ اکاؤنٹینٹ جنرل آف پاکستان (اے جی پی) نے پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے لیے ملازمین سے متعلقہ اخراجات (ای آر ای) کے لیے کم بجٹ کے وسائل مختص کرنے کی وجہ سے حکومت کو وارننگ جاری کی ہے لیکن اس سے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی کیونکہ حکومت کی جانب سے صورتحال کو سدھارنے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ ریڈیو پاکستان کے نام سے جانا جانے والا پی بی سی مکمل مالیاتی تباہی کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں ان کے پاس ملازمین سے متعلقہ اخراجات (ای آر ای) بالخصوص پنشن، کمیوٹیشن اور دیگر مراعات کی ادائیگی کے لیے وسائل بھی نہیں ہیں۔ تنخواہوں، پنشن اور دیگر مراعات کی ادائیگی کے لیے کوئی رقم نہیں ہوگی اگر حکومت دیوالیہ ہونے کی جانب بڑھنے والے ایک اور سرکاری ادارے کو بچانے کے لیے آگے نہیں آتی۔ ریڈیو پاکستان کو چلانے کے لیے دو ماہ کی مدت میں کوئی رقم نہیں بچے گی تو اس کے بند ہونے کا امکان افق پر نظر آنے لگے گا۔ ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پی بی سی کو مکمل مالیاتی تباہی سے بچانے کا حل فراہم کر سکتی ہے۔ ایک اعلیٰ عہدیدار نے سوال اٹھایا کہ ایسے اہم فیصلے کون کرے گا۔ ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ اگر آج سے درست حکمت عملی نہ بنائی گئی اور عمل درآمد نہ کیا گیا تو ریڈیو پاکستان بند ہونے کی جانب گامزن ہو جائے گا۔